تازہ ترین

جامعہ چترال اور وفاقی اردو یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد (چترال ایکسپریس)وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی (FUUAST) اور جامعہ چترال کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور اساتذہ کے تبادلے کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔ اس سلسلے میں تقریب وفاقی اردو یونیورسٹی کے اسلام آباد کیمپس میں منعقد ہوئی، جہاں دونوں جامعات کے وائس چانسلرز پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری اور پروفیسر ڈاکٹر حاضِر اللہ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت دونوں جامعات کے اساتذہ کو ایک دوسرے کے اداروں کا دورہ کرنے، تدریسی سرگرمیوں میں حصہ لینے، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں پر کام کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

اس موقع پر وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے کہا کہ یونیورسٹی قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مفاہمتی یادداشتوں کو محض رسمی دستاویزات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں میں تبدیل کیا جائے گا۔

جامعہ چترال کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضِر اللہ نے وفاقی اردو یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول اور تحقیقی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ چترال خطے کی ترقی کے لیے تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، بالخصوص مقامی ثقافت، زراعت، ماحولیات اور معیشت سے متعلق شعبوں میں تحقیق کو آگے بڑھانا جامعہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔

تقریب میں وفاقی اردو یونیورسٹی کے انچارج کیمپس ڈاکٹر طارق محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر ORIC ڈاکٹر فیصل جاوید، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور انتظامی افسران بھی موجود تھے۔

دونوں جامعات کے سربراہان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ معاہدہ اساتذہ اور طلبہ کے لیے نئے تعلیمی و تحقیقی مواقع پیدا کرنے اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

زر الذهاب إلى الأعلى