تازہ ترین

سرغوز مستوج پروٹیکشن وال: ناقص مٹیریل کے استعمال کی شکایات، محکمہ ایریگیشن نے الزامات مسترد کر دیے، ڈیزائن کے مطابق کام جاری ہونے کی وضاحت

اپر چترال (رپورٹ: شہزاد احمد)اپر چترال کے علاقے سرغوز مستوج میں محکمہ ایریگیشن کی جانب سے زیرِ تعمیر پروٹیکشن وال کے حوالے سے ناقص مٹیریل اور غیر معیاری کام کی شکایات گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، جس کے بعد اس منصوبے کے معیار اور تعمیراتی طریقہ کار سے متعلق عوامی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

اس حوالے سے مستوج سے تعلق رکھنے والے ایک شہری نے رابطہ کرکے اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور تعمیراتی کام کی تصاویر بھی شیئر کیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ کام کے دوران مناسب کھدائی نہیں کی گئی، استعمال ہونے والے پتھر دریا سے نکالے گئے گول اور بھرتھر نوعیت کے ہیں، جبکہ جی آئی وائر کے جال میں سوراخوں کا فاصلہ بھی زیادہ دکھائی دیتا ہے، جو ان کے خیال میں کام کے معیار پر سوالیہ نشان ہے۔

عوامی شکایات کا مؤقف سامنے آنے کے بعد محکمہ ایریگیشن اپر چترال سے رابطہ کیا گیا تاکہ ادارے کا مؤقف بھی معلوم کیا جا سکے۔

اس حوالے سے ایس ڈی او ایریگیشن اپر چترال ناصر اقبال نے بتایا کہ پروٹیکشن وال کا ڈیزائن ٹھیکیدار کو فراہم کیا گیا ہے اور تعمیراتی کام اسی منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق جاری ہے۔ ان کے مطابق ناقص مٹیریل کے استعمال کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

دوسری جانب انجینئر وکیل خان نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت اصل پروٹیکشن وال کی تعمیر شروع نہیں ہوئی، بلکہ جو کام جاری ہے وہ جی آئی وائر ایپرن (GI Wire Apron) کی تنصیب کا ہے، جس کا مقصد سیلابی پانی کے کٹاؤ سے پروٹیکشن وال کی بنیاد اور اس کے حفاظتی ڈھانچے کو محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال دریا کے پانی کا رخ موڑنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ایس ڈی او ناصر اقبال نے مزید بتایا کہ محکمہ کی کوشش ہے کہ پانی کی سطح میں اضافے سے قبل رواں سیزن کے دوران کام مکمل کر لیا جائے تاکہ علاقے کو ممکنہ سیلابی خطرات سے بروقت تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اگر عوامی سطح پر مزید شکایات سامنے آتی ہیں تو وہ آئندہ دو تین روز میں خود اس مقام کا دورہ کرکے صورتِ حال کا جائزہ لیں گے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ تعمیراتی کام کے حوالے سے کسی بھی قسم کے اعتراض یا شکایت کی صورت میں متعلقہ ادارے سے رابطہ کیا جائے اور بغیر تحقیق کام میں رکاوٹ ڈالنے سے گریز کیا جائے، کیونکہ اگر کام میں تاخیر ہوئی اور سیلابی سیزن گزر گیا تو اس منصوبے سے علاقے کو بروقت فائدہ پہنچانا مشکل ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ منصوبے کے معیار سے متعلق شہریوں کے تحفظات اور محکمہ ایریگیشن کی وضاحت دونوں اپنی جگہ اہم ہیں۔ ضروری ہے کہ متعلقہ حکام موقع پر تعمیراتی کام کے معیار اور منظور شدہ ڈیزائن کی شفاف جانچ کو یقینی بنائیں تاکہ عوامی خدشات کا ازالہ بھی ہو اور علاقے کے تحفظ کے لیے جاری اہم منصوبہ بھی بروقت مکمل ہو سکے۔

زر الذهاب إلى الأعلى