
لوئر چترال پولیس کی پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی، متعدد افراد ضلع بدر
چترال (چترال ایکسپریس) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال محمد خالد خان کی ہدایت پر پولیس نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو تحویل میں لے کر ضلع بدر کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سٹی چترال ایس آئی بلبل حسن نے پولیس ٹیم کے ہمراہ شہر کے بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے پیشہ ور بھکاریوں کو تحویل میں لیا اور بعد ازاں گاڑی کے ذریعے انہیں ان کے
آبائی علاقوں میں واپس بھیج دیا۔
پولیس کے مطابق اس کارروائی کا مقصد بازاروں اور عوامی مقامات پر پیشہ ورانہ گداگری کی حوصلہ شکنی، شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ اور عوام کے لیے بہتر ماحول کی فراہمی ہے۔
لوئر چترال پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں پیشہ ور بھکاریوں کی موجودگی سے متعلق مقامی پولیس کو بروقت اطلاع دیں تاکہ اس سلسلے میں ضروری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
