
ن لیگ کے مستعفی عہدیداران فیصلے پر نظرثانی کریں، انتشار سے صرف مخالفین کو فائدہ پہنچے گا، محمد کوثر ایڈوکیٹ
چترال (چترال ایکسپریس) مسلم لیگ ( ن) چترال کے جنرل سیکرٹری اور ایم این اے محترمہ غزالہ انجم کے فوکل پرسن محمد کوثر ایڈوکیٹ
نے پارٹی کی ضلعی قیادت کی طرف سے انجینئر امیر مقام کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ولولہ انگیز لیڈرشپ کی وجہ سے پارٹی صوبائی اور ضلعی لیول پر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے گزشتہ دن پارٹی میٹنگ میں انجینئر امیر مقام پر بےجاتنقید اور کچھ عہدیداراں کا احتجاجاً استعفوں کے اعلان کو حقائق سے لاعلمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انجنئر امیر مقام ھمارے صوبائی قائد ہیں اور چترال و پارٹی کےلیے انکے عظیم خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو تحفظات ہیں تو پارٹی ڈسپلن کے مطابق صوبائی صدر سے ملکر اپنی تحفظات دور کرنے کے بجائے استعفوں کا سوشل میڈیا میں اعلان کرکے پارٹی اور صوبائی صدر کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کےسوا کچھ نہ ہے۔ محمد کوثر ایڈوکیٹ نے زور دے کر کہا کہ بطور جنرل سیکرٹری وہ ضلعی قیادت میں اپنے سینئرز سے گذارش کرتے ہیں کہ وہ اپنے استعفوں کے فیصلے واپس لیکر متحد ہو جائیں اور غیروں کو جگ ہنسائی کا موقع نہ دیں اور اپنے صفوں میں اتحاد و اتفاق برقرار رکھ کر ہی ترقی کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور وزیراعظم اعظم شہباز شریف نے اپنے دورِ حکومت میں چترال میں 100ارب روپے سے زیادہ مالیت کے ترقیاتی کام کرچکے ہیں اور ضلعی قیادت کے مطالبے پر چترال میں دانش سکول کی تعمیر کا آغاز ، ہسپتال کے قیام کی منظوری اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لئے فراخدلانہ ایلوکیشن چترال سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی محبت کا بین ثبوت ہے اور اس مرحلے پر پارٹی کی صفوں میں انتشار پھیلانے کا فائدہ مخالفین کو پہنچ سکتا ہے ۔
