
وادی رومبور میں پہلی مرتبہ ختمِ بخاری و تکمیلِ حفظِ قرآن کی پروقار تقریب
چترال ( فتح اللہ): وادی کالاش کے علاقے رومبور میں مدرسہ صوت القرآن للبنین والبنات کے زیرِ اہتمام تاریخ میں پہلی مرتبہ ختمِ بخاری شریف، تکمیلِ حفظِ قرآن اور دینی تعلیم کی تکمیل کے حوالے سے ایک پروقار اور روحانی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ قاری نذیر احمد کی زیرِ نگرانی قائم علاقے کے اس واحد دینی مدرسے کی تقریب میں جہاں طلبہ و طالبات کی تعلیمی کامیابیوں کا جشن منایا گیا، وہیں کالاش برادری کی بھرپور شرکت نے اسے باہمی احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کا ایک بہترین نمونہ بنا دیا۔
یہ تقریب اصلاحی، روحانی و تربیتی دورۂ چترال کے سلسلے میں منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر سے تشریف لانے والے ممتاز علمائے کرام بشمول
حضرت اقدس مولانا محمد ارشد الحسینی اور چترال کی معروف دینی شخصیات قاری فیض اللہ چترالی، خطیب مولانا خلیق الزمان اور امیر جماعت اسلامی لوئر چترال جناب وجہہ الدین نے شرکت کی۔
تقریب کی سب سے نمایاں خصوصیت مقامی کالاش برادری کی شرکت تھی،
جن میں کالاش قاضی فضل اعظم، معروف سماجی و سیاسی شخصیت سیف اللہ جان، دیگر عمائدین اور مقامی افراد شامل تھے۔ اس موقع پر مقررین نے
رومبور میں مسلمان اور کالاش برادری کے درمیان قائم تاریخی محبت، بھائی چارے اور باہمی احترام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کالاش برادری کی خلوص کے ساتھ شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ علاقہ مختلف مذہبی و ثقافتی پس منظر کے
باوجود امن اور رواداری کی ایک مثال ہے۔
تقریب کے دوران مدرسے کی تعلیمی سرگرمیوں کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ 6 طالبات نے چھ سالہ درسِ نظامی مکمل کیا، جبکہ متعدد طلبہ و طالبات نے حفظِ قرآن کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر فارغ التحصیل طلبہ و اساتذہ کی دینی و تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
علمائے کرام نے اپنے خطاب میں قرآنی تعلیمات، اخلاقی تربیت اور معاشرتی امن پر زور دیتے ہوئے قاری نذیر احمد اور مدرسہ انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔
برنامے کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، علاقے میں امن و خوشحالی، مسلمان اور
کالاش برادری کے درمیان محبت و اتحاد اور مدرسے کی ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
