
موری لشٹ: این سی ایچ ڈی اور گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول کے زیرِ اہتمام یومِ اساتذہ کی پروقار تقریب
چترال (چترال ایکسپریس)نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (NCHD) اور گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول موری لشٹ کے باہمی اشتراک سے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ کرام، طلبہ و طالبات اور علاقے کی معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا بنیادی مقصد معاشرے کی fکری، اخلاقی اور علمی تشکیل میں اساتذہ کی خدمات کا اعتراف اور انہیں خراجِ
تحسین پیش کرنا تھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر NCHD سید مقصود شاہ تھے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ بعد ازاں طلبہ نے اساتذہ کے مقام، تعلیم کی اہمیت اور معاشرتی تعمیر میں ان کے کلیدی کردار پر فکر انگیز تقاریر پیش کیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر NCHD محترمہ تنویرا کوثر اور دیگر مقررین نے
بھی خطاب کرتے ہوئے تدریس کے مقدس پیشے کی عظمت اور باکردار نسل کی تیاری میں تعلیمی اداروں کی مشترکہ ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔
اپنے کلیدی خطاب میں ڈپٹی ڈائریکٹر NCHD سید مقصود شاہ نے کہا کہ “استاد محض کتابی علم منتقل کرنے والا فرد نہیں بلکہ وہ ذہنوں کا معمار، کردار کا تعمیر کنندہ اور معاشرے کی اخلاقی و فکری بنیادوں کا محافظ ہوتا ہے۔ قوموں کی تقدیر وسائل سے نہیں بلکہ ایسے اساتذہ سے بنتی ہے جو نسلِ نو کو علم کے ساتھ شعور اور مقصدِ زندگی عطا کرتے ہیں۔” انہوں نے NCHD کے تعلیمی و فلاحی اقدامات بالخصوص خواندگی، رضاکاریت اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ پر بھی روشنی ڈالی اور ایک باشعور و مہذب معاشرے کی تشکیل کے لیے اجتماعی جدوجہد پر زور دیا۔
