
نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ کا گرم چشمہ روڈ پر اسفالٹ کے کام کا باقاعدہ افتتاح
چترال (چترال ایکسپریس) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی رہنما اور معروف قانون دان نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ نے آج گرم چشمہ روڈ پر اسفالٹ (پکائی) کے کام کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
افتتاح کے موقع پر سڑک کی برکت اور پائیداری کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔
افتتاحی تقریب میں اہلیاںِ لٹکوہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور علاقے کی تعمیر و ترقی بالخصوص سڑک کے دیرینہ مسئلے کے حل میں کردار ادا کرنے پر نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ کا پرخلوص شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر روایتی چترالی مہمان نوازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی کو چترالی ٹوپی اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ نے کہا کہ گرم چشمہ روڈ پر اسفالٹ کا کام ایک ماہ کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر مینٹیننس این ایچ اے امیر زیب خان اپنے وعدے کے مطابق کام کو اعلیٰ معیار کے ساتھ پورا کریں گے، جس طرح انہوں نے اس سے قبل لواری اپروچ روڈ کی معیاری تعمیر کو یقینی بنایا تھا۔
نیازی ایڈوکیٹ نے
متعلقہ حکام اور ٹھیکیدار کو تاکید کی کہ کام کی رفتار کے ساتھ ساتھ اس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اہم منصوبے کی تکمیل سے علاقے کے عوام کو بہترین اور آرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں گی اور ان کی سفری مشکلات کا مستقل خاتمہ ہوگا۔
تقریب میں مقامی معززین اور عوام نے منصوبے کے آغاز پر خوشی کا اظہار کیا۔
