تازہ ترین

گرم چشمہ روڈ پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ افسوسناک ہے، ن لیگ ترجمان نیاز اے نیازی

​چترال (چترال ایکسپریس) مسلم لیگ (ن) کے پارٹی ترجمان اور سکریٹری اطلاعات نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ نے گرم چشمہ روڈ کے منصوبے پر بعض عناصر کی جانب سے کی جانے والی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔

​ایک اخباری بیان میں نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ نے وضاحت کی کہ گرم چشمہ روڈ پر اس وقت جو اسفالٹ (لُک بچھانے) کا کام جاری ہے، وہ علاقے کے عوام کی سفری مشکلات اور تکالیف کو کم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے علم میں یہ بات آئی کہ یہ سڑک اپنے اصل ڈیزائن اور نقشے کے مطابق مکمل ہونے میں کئی سال لے سکتی ہے اور مسلسل ری ڈیزائننگ کے مراحل سے گزر رہی ہے، تو وزیراعظم انسپکشن کمیشن کے سربراہ مظفر رانجھا سے بالخصوص درخواست کی گئی۔ اس درخواست پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے ذریعے خصوصی فنڈز جاری کروائے گئے تاکہ یہ کام فوری طور پر شروع ہو سکے۔

​انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کو پانچ ماہ کی مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنا ہے۔ جس طرح لواری اپروچ روڈ کو این ایچ اے کے ڈائریکٹر مینٹیننس ملک امیر زیب نے ریکارڈ مدت میں مکمل کیا، اسی طرح اس کام کو بھی شفافیت اور تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔

​نیاز اے نیازی نے احتجاج کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے آئے روز ہڑتالیں اور احتجاج کر رہے ہیں۔ ن لیگ کی مقامی قیادت اور وزیراعظم معائنہ کمیشن کے سربراہ کا شکریہ ادا کرنے کے بجائے دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جو کہ کسی طور مناسب رویہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام کام احتجاج ہی سے ممکن ہوتے تو آج چترال کے بہت سے دیگر مسائل بھی حل ہو چکے ہوتے۔

​بیان کے آخر میں انہوں نے کہا کہ اب جبکہ سڑک کا کام اپنی تکمیل کے قریب ہے، تو ہر کوئی ‘انگلی کٹا کر شہیدوں میں نام لکھوانے’ کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ عوام حقیقت حال سے بخوبی واقف ہیں اور سستے سیاسی حربوں میں نہیں آئیں گے۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO