
چترال میں ‘نیشنل ریزیلینس ڈے’ کے موقع پر پروقار تقریب: ‘مستحکم ماحول کی شروعات گھر سے ہوتی ہے’ کے موضوع پر آفات سے بچاؤ کا عزم
چترال (چترال ایکسپریس)فوکس ہیومینیٹیرین اسسٹنس پاکستان (چترال ریجن) نے یونیورسٹی آف چترال کے تعاون سے “مستحکم ماحول کی شروعات گھر سے ہوتی ہے” کے موضوع کے تحت آفات سے بچاؤ کا قومی دن (نیشنل ریزیلینس ڈے) 2026ء منایا۔ تقریب میں سرکاری محکموں، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، ہنگامی امداد کی تنظیموں، رضاکاروں اور طلبہ کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) چترا ل عبدالاسلام نے بطور مہمانِ خصوصیت تقریب میں شرکت کی، جبکہ وائس چانسلر یونیورسٹی آف چترال حاضر اللہ بھی اس موقع پر موجود
تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فوکس پاکستان چترال کے ریجنل پروگرام اینڈ آپریشنز مینیجر ولی محمد نے قدرتی آفات اور ابھرتے ہوئے خطرات سے بروقت نپٹنے کے لیے بیداری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آفات کے خطرات کو کم کرنا ایک مشترکہ ذمہ داری ہے جس کی شروعات گھریلو سطح پر تیاری اور محفوظ طریقوں کو اپنانے سے ہوتی ہے۔
تقریب کے دوران فوکس ہیومینیٹیرین اسسٹنس کی جانب سے خطرات کے تخمینے (HVRA) اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر پریزنٹیشنز دی گئیں، جبکہ زلزلے سے بچاؤ کی عملی مشق
(شیک آؤٹ ڈرل) کا بھی انعقاد کیا گیا۔
مہمانِ خصوصیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالسلام نے فوکس پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آفات سے بچاؤ کے لیے فعال منصوبہ بندی، محفوظ تعمیرات اور بلڈنگ کوڈز کی تعمیل انتہائی ضروری ہے۔ وائس چانسلر حاضر اللہ نے اپنے خطاب میں طلبہ اور مقامی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ آفات کے خطرات کو سمجھیں اور ان کے اثرات کو کم کرنے میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔
تقریب کے موقع پر ریسکیو 1122 اور فوکس پاکستان کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے ہنگامی آلات اور بچاؤ کی صلاحیتوں کے مظاہرے کے لیے اسٹالز بھی لگائے، جن کا معزز مہمانوں نے معائنہ کیا اور بریفنگ لی۔
