
لوئر چترال پولیس کا طالبات میں سماجی و قانونی شعور اجاگر کرنے کے لیے خصوصی اقدام
چترال (چترال ایکسپریس):ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) لوئر چترال محمد خالد خان کی خصوصی ہدایات پر لوئر چترال پولیس کے زیرِ اہتمام پولیس سہولت مرکز زرگراندہ میں ایک اہم آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں فرنٹیر کور (FC) پبلک سکول اینڈ کالج دروش و چترال کی طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سیشن میں DPO لوئر چترال محمد خالد خان نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی ایس پی لیگل شیر محسن الملک، فاروق اعظم (ایجوکیشن آفیسر، فرنٹیر کور پبلک سکول اینڈ کالج)، انچارج سوسائیڈ پریوینٹیو یونٹ و جینڈر رسپانس سنٹر سب انسپکٹر (SI) دلشاد پری اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔
طالبات سے اپنے خصوصی خطاب میں ڈی پی او محمد خالد خان نے
خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان، اس کے بنیادی اسباب اور تدارک پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے ہراسمنٹ کی مختلف اقسام، اس سے بچاؤ، خواتین و طالبات کے قانوناً تحفظ اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں بروقت متعلقہ اداروں سے رجوع کرنے کی اہمیت کے بارے میں اہم معلومات فراہم کیں۔
DPO لوئر چترال نے منشیات اور دیگر معاشرتی برائیوں کے منفی اثرات پر بات کرتے ہوئے کہا:
”نوجوان نسل ہمارا قیمتی سرمایہ ہے۔ ان کی مثبت تربیت، ذہنی و سماجی تحفظ اور روشن مستقبل کے لیے تمام طبقات کو مل کر اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔ طالبات کسی بھی ذہنی پریشانی یا ناخوشگوار صورتحال میں خاموش رہنے کے بجائے اپنے والدین، اساتذہ اور پولیس جیسے متعلقہ اداروں سے بلا جھجھک رہنمائی اور مدد حاصل کریں۔”
سیشن کو انٹرایکٹو بناتے ہوئے طالبات کو سوال و جواب کا موقع بھی فراہم کیا گیا، جس میں انہوں نے اپنے تحفظات اور درپیش مسائل کے حوالے سے آزادانہ سوالات کیے، جن کے پولیس افسران نے تسلی بخش جوابات دیے۔
اس آگاہی پروگرام کا بنیادی مقصد طالبات میں خودکشی، منشیات اور ہراسمنٹ جیسے سنگین مسائل کے خلاف شعور بیدار کرنا، انہیں اپنے قانونی حقوق سے روشناس کرانا اور ایک محفوظ و صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
ترجمان لوئر چترال پولیس کے مطابق نوجوان نسل کی درست رہنمائی، خواتین کے تحفظ اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر ایسے تربیتی و آگاہی پروگرامز کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔
