
موڑکہو کا دیرینہ مطالبہ “اتھک ایری گیشن چینل” سی ڈی ڈبلیو پی (CDWP) سے منظور، عوام میں خوشی کی لہر
وزیر اعظم شہباز شریف سے ایکنک (ECNEC) سے حتمی منظوری دینے کی اپیل
اپر چترال (جمشید احمد)اپر چترال کے علاقے موڑکہو کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے کی جانب اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ سابق رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) شہزادہ افتخار الدین کی درخواست پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری احسن اقبال نے
نہر “اتھک ایری گیشن چینل” (آبپاشی منصوبہ) کے پی سی ون (PC-1) کی سی ڈی ڈبلیو پی سے منظوری دے کر کیس حتمی منظوری کے لیے ایکنک (ECNEC) کو ارسال کر دیا ہے۔
اس اہم کامیابی کی خبر ملتے ہی موڑکہو کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور علاقے بھر میں جشن کا ماحول ہے۔ موڑکہو کے عوام نے اس سلسلے میں سابق ایم این اے شہزادہ افتخار الدین کی انتھک کوششوں اور کاوشوں کو شاندار الفاظ میں سراہا ہے۔
عوامی حلقوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اتھک ایری گیشن چینل کی ایکنک کے ذریعے جلد از جلد حتمی منظوری دی جائے تاکہ اس اہم آبپاشی منصوبے پر عملی کام کا آغاز ہو سکے اور علاقے کی بنجر زمینیں سیراب ہو سکیں۔
