
امیر جماعت اسلامی چترال لوئر وجیہ الدین کی نقش ایکسپو میں شرکت، اسلامی پیغام کو جدید انداز میں عام کرنے پر زور
امیر جماعت اسلامی چترال لوئر وجیہ الدین کی نقش ایکسپو میں شرکت، اسلامی پیغام کو جدید انداز میں عام کرنے پر زور
چترال(چترال ایکسپریس)امیر جماعت اسلامی چترال لوئر وجیہ الدین نے اسلامی جمعیت طالبات چترال کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک روزہ ’’نقش ایکسپو‘‘ میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے تقریب سے خطاب کیا اور ایکسپو میں لگائے گئے
مختلف اسٹالز کا بھی دورہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وجیہ الدین نے اسلامی جمعیت طالبات کی ٹیم کو کامیاب اور بامقصد پروگرام کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں اسلام کے پیغام کو مؤثر انداز میں عام کرنے کے لیے جدید ذرائع، تخلیقی صلاحیتوں اور نئے اندازِ ابلاغ سے استفادہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اسلام کی حقیقی تعلیمات، اعلیٰ اخلاقی اقدار اور اسلامی تہذیب و ثقافت کو جدید اور مؤثر انداز میں معاشرے تک پہنچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
امیر جماعت اسلامی چترال لوئر نے امید ظاہر کی کہ اسلامی جمعیت طالبات چترال ایسی مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے ذریعے نئی نسل کی فکری اور اخلاقی تربیت کے ساتھ ساتھ اسلامی اقدار کے فروغ میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔
