
ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کا گورنمنٹ سینٹینیل ماڈل ہائی سکول بوائز کا دورہ
تعلیمی ماحول اور طلبہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی
چترال (چترال ایکسپریس) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال احسان اللہ نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لوئر چترال شاہد حسین کے ہمراہ چترال کے قدیم ترین اور تاریخی تعلیمی ادارے گورنمنٹ سینٹینیل ماڈل ہائی سکول (بوائز) کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طلبہ سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے ان سے تعلیمی و نصابی سوالات پوچھے۔ طلبہ کے پُر اعتماد جوابات، بہترین استعداد اور اسکول کے مجموعی تعلیمی ماحول پر ڈپٹی کمشنر نے مسرت و اطمینان کا اظہار کیا اور بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں شاباش دی۔
اس موقع پر اسکول کے وائس پرنسپل شاہ جلال نے ڈپٹی کمشنر کو ادارے کے اہم تعلیمی و انتظامی امور، درپیش مسائل اور بالخصوص طلبہ کے بہتر تعلیمی مفاد سے وابستہ ترقیاتی و بنیادی سہولیات کی ضروریات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر احسان اللہ نے وائس پرنسپل اور تدریسی عملے کو یقین دلایا کہ طلبہ کے تعلیمی مفاد اور اس تاریخی ادارے کی مزید بہتری سے متعلق تمام ضروری امور پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دی جائے گی۔
واضح رہے کہ قیامِ پاکستان سے قبل سابق مہترِ چترال سر ناصر الملک کے دور میں قائم ہونے والا یہ ادارہ پورے خطے کا ایک عظیم علمی ورثہ اور تاریخی شناخت رکھتا ہے۔ اس مادرِ علمی سے فارغ التحصیل ہزاروں طلبہ ملک و قوم کی اہم خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ علاقے میں علم و آگہی کے فروغ اور دیگر تعلیمی اداروں کی آبیاری میں بھی اس اسکول کا بنیادی کردار رہا ہے۔ مقامی تعلیمی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر کے اس دورے اور ادارے کے مسائل کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی کو اس تاریخی درسگاہ کے روشن مستقبل کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔
