تازہ ترین

جماعت اسلامی تحصیل دروش کا اجتماعِ ارکان، ضلعی نائب امراء نے حلف اٹھا لیا، ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف متفقہ قرارداد منظور۔

چترال(چترال  ایکسپریس)جماعت اسلامی چترال تحصیل دروش کا اجتماعِ ارکان امیرِ ضلع وجیہ الدین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجتماع میں خان محمد عالم خان اور سلطان محمد صاحب نے ضلعی نائب امراء کی حیثیت سے حلف اٹھایا، جبکہ زونل امراء کے انتخاب کے لیے ارکان کی رائے بھی حاصل کی گئی۔

اجتماع کے اختتام پر دروش میں جاری بدترین اور ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی، جس میں کہا گیا کہ علاقے میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف کچھ عرصہ قبل عوامی احتجاج بھی کیا گیا تھا، جس میں تمام سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔ احتجاج کے نتیجے میں واپڈا حکام نے یقین دہانی کرائی تھی کہ دو ہفتوں کے اندر لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر قابو پالیا جائے گا، تاہم افسوس ناک امر یہ ہے کہ حکام کی یقین دہانی کے باوجود تاحال بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

قرارداد میں واضح کیا گیا کہ اگر بعض صارفین کے ذمے محکمہ واپڈا کے واجبات ہیں تو ان کے خلاف انفرادی طور پر قانونی کارروائی کی جائے اور ان کے بجلی کے کنکشن منقطع کیے جائیں، لیکن چند افراد کی عدم ادائیگی کی سزا پورے علاقے کے عوام کو دینا صریح ناانصافی اور بنیادی شہری حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

اجتماعِ ارکان نے مطالبہ کیا کہ دروش کے عوام کو اجتماعی سزا دینے کا یہ ظالمانہ سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور واپڈا حکام اپنی سابقہ یقین دہانی پر عمل درآمد کرتے ہوئے علاقے میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائیں۔

زر الذهاب إلى الأعلى