
فری اسٹائل پولو: روایتی شان و شوکت کی بحالی کے لیے تاریخی ضوابط اور جدید اصلاحات ناگزیر..تحریر: بشیر حسین آزاد
گلگت بلتستان اور چترال کی بلند و بالا وادیوں میں صدیوں سے کھیلا جانے والا فری اسٹائل پولو محض ایک کھیل نہیں بلکہ اس خطے کی تہذیب، ثقافت، بہادری، شجاعت اور تاریخی شناخت کی علامت ہے۔ شندور کے عالمی شہرت یافتہ پولو گراؤنڈ سے لے کر چترال اور گلگت کے مقامی میدانوں تک یہ کھیل ہمیشہ لوگوں کی توجہ اور دلچسپی کا مرکز رہا ہے۔ اس کھیل نے نہ صرف ان علاقوں کی ثقافتی پہچان کو زندہ رکھا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی خطے کا ایک منفرد تشخص متعارف کرایا ہے۔
تاہم حالیہ برسوں میں بعض پولو ٹورنامنٹس کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی، ہاتھا پائی اور غیر اخلاقی رویوں کے واقعات تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔ بالخصوص نامور کھلاڑیوں کے درمیان میدان میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات نے اس روایتی کھیل کے وقار کو متاثر کیا ہے۔ سوشل میڈیا کے موجودہ دور میں ایسے واقعات چند لمحوں میں دنیا بھر تک پہنچ جاتے ہیں، جس سے نہ صرف چترال اور گلگت بلتستان کی بدنامی ہوتی ہے بلکہ اس تاریخی کھیل کی اصل روح بھی متاثر ہوتی ہے۔
یہاں یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ فری اسٹائل پولو کا مطلب قواعد و ضوابط سے آزاد کھیل ہرگز نہیں۔ آزادی اور بے قاعدگی دو مختلف چیزیں ہیں۔ فری اسٹائل پولو اپنی فطری تیزی، جوش، سخت مقابلے اور روایتی انداز کی وجہ سے منفرد ضرور ہے، لیکن اس میں بھی کھلاڑیوں، گھوڑوں اور کھیل کے میدان کے تحفظ کے لیے اصول و ضوابط ہمیشہ سے موجود رہے ہیں۔
تاریخی دستاویزات نظم و ضبط کی گواہ
ماضی کی تاریخی دستاویزات
سے معلوم ہوتا ہے کہ ریاستی دور اور پولیٹیکل ایجنٹوں کے زمانے میں بھی فری اسٹائل پولو کے لیے باقاعدہ قواعد و ضوابط نافذ تھے۔ پولیٹیکل ایجنٹ گلگت کی جانب سے جاری کردہ ایک قدیم تحریری مراسلے میں کھلاڑیوں، مقامی عمائدین اور متعلقہ ذمہ داران کو کھیل کے قواعد کی پابندی کرنے اور خلاف ورزی کی صورت میں مقررہ سزا قبول کرنے کا پابند بنایا گیا تھا۔
اس تاریخی دستاویز میں پولو اسٹک کے محتاط استعمال، مخالف کھلاڑی کی اسٹک پر دانستہ ضرب لگانے سے اجتناب، گھوڑوں کو نقصان پہنچانے والے کھیل کے انداز کی ممانعت اور میدان میں نصب نشانات و حدود کے احترام پر خصوصی زور دیا گیا تھا۔
اسی طرح سیالکوٹ کی معروف کمپنی
جونز جوزف برادرز (Jones Joseph Brothers)، جو پولو کے سامان کی تیاری اور فراہمی سے وابستہ تھی، کے ایک تاریخی مراسلے، ریفرنس نمبر 2/H/35، سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ ماضی میں پولو کے معیاری سامان، بالخصوص بانس کی جڑوں سے تیار کردہ مخصوص سفید پولو بالز کی فراہمی اور ٹورنامنٹس کے انتظامات باقاعدہ سرکاری خط و کتابت کے ذریعے انجام دیے جاتے تھے۔
یہ تاریخی شواہد اس حقیقت کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ہمارے اسلاف اس کھیل کو محض تفریح نہیں بلکہ ایک منظم اور باوقار ثقافتی روایت کے طور پر اہمیت دیتے تھے۔ لہٰذا آج بھی اس روایت کو برقرار رکھنے کے لیے ماضی کے اصولوں سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
ضابطہ اخلاق اور حلف نامہ ایک مثبت پیش رفت
موجودہ حالات میں پولو ایسوسی ایشن اور پولو جرگہ کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا
مجوزہ ضابطہ اخلاق، تادیبی کارروائی اور کھلاڑیوں کے انفرادی رجسٹریشن و حلف نامے کا اقدام قابل تحسین ہے۔
اس نظام کے تحت ہر کھلاڑی کی انفرادی رجسٹریشن، شناختی کوائف کا اندراج اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کے حوالے سے تحریری حلف لینا ایک اہم قدم ہے۔ اس سے نہ صرف کھلاڑیوں کی ذمہ داری متعین ہوگی بلکہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ شخص کے خلاف کارروائی کرنا بھی ممکن ہوگا۔
مجوزہ ضابطہ اخلاق میں تشدد اور غیر اخلاقی رویوں کی حوصلہ شکنی کے لیے بھاری جرمانوں اور پابندیوں کی تجاویز بھی شامل ہیں۔ ان کے مطابق:
اول، میدان میں ہاتھ اٹھانے، تشدد کرنے یا پولو اسٹک کو بطور ہتھیار استعمال کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ تجویز کیا گیا ہے۔
دوم، کسی مخالف کھلاڑی یا گھوڑے کو دانستہ طور پر زخمی کرنے کی کوشش پر پچاس ہزار روپے جرمانے کی تجویز ہے۔
سوم، ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑی کو شندور پولو ٹورنامنٹ سمیت تمام ٹورنامنٹس میں شرکت سے ایک سال کے لیے نااہل قرار دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔
بلاشبہ ان اقدامات کی کامیابی کا انحصار ان پر غیر جانبدارانہ اور بلاامتیاز عمل درآمد پر ہوگا۔ اگر کسی کھلاڑی کی شہرت، حیثیت، ٹیم یا اثرورسوخ کو کارروائی سے بچنے کا ذریعہ بنایا گیا تو یہ اصلاحاتی کوششیں اپنے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکیں گی۔
اصلاحات کے ساتھ مستقل نگرانی بھی ضروری
فری اسٹائل پولو کے وقار کی بحالی کے لیے صرف جرمانوں اور پابندیوں کا اعلان کافی نہیں بلکہ ایک مستقل اور مؤثر نظام بھی تشکیل دینا ہوگا۔ اس سلسلے میں چند اقدامات ناگزیر ہیں۔
ہر ٹورنامنٹ سے قبل تمام کھلاڑیوں سے ضابطہ اخلاق پر دستخط لیے جائیں اور انہیں اس کی پابندی کا پابند بنایا جائے۔ میچ کے دوران غیر جانبدار امپائرنگ اور شکایات کے فوری ازالے کا نظام قائم کیا جائے۔ خلاف ورزی کے الزامات کی شفاف تحقیقات کے لیے ایک مستقل تادیبی کمیٹی تشکیل دی جائے، جبکہ گھوڑوں کی حفاظت اور ان کی فلاح و بہبود کو بھی کھیل کے بنیادی اصولوں میں شامل کیا جائے۔
اسی طرح ٹیم مالکان، کپتانوں اور منتظمین کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلانا ہوگا تاکہ میدان میں داخل ہونے والا ہر کھلاڑی کھیل کے وقار اور اپنی ذمہ داری سے آگاہ ہو۔
پولو کو کھیل رہنے دیا جائے، ذاتی دشمنی کا میدان نہ بنایا جائے
پولو کو بادشاہوں کا کھیل کہا جاتا ہے اور اس کی اصل خوبصورتی بہادری، مہارت، برداشت، نظم و ضبط اور حریف کے احترام میں پوشیدہ ہے۔ حقیقی شجاعت یہ نہیں کہ کھلاڑی غصے میں آکر مخالف پر ہاتھ اٹھائے یا اپنی اسٹک کو تشدد کا ذریعہ بنائے، بلکہ اصل بہادری اپنے جذبات پر قابو رکھتے ہوئے بہترین کھیل پیش کرنے میں ہے۔
چترال اور گلگت بلتستان کے کھلاڑیوں نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں اور روایتی انداز سے اس کھیل کو عالمی سطح پر منفرد مقام دلایا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ اس مقام کو برقرار رکھنے کے لیے اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے۔
پولو ایسوسی ایشن، پولو جرگہ، ٹیم مالکان، کھلاڑیوں، منتظمین اور شائقین کو مجوزہ ضابطہ اخلاق کی حمایت کرنی چاہیے۔ اس کے ساتھ ضروری ہے کہ ان قواعد کا اطلاق تمام کھلاڑیوں پر یکساں ہو اور کسی کو بھی استثنا حاصل نہ ہو۔
فری اسٹائل پولو کی اصل پہچان اس کا جوش، جذبہ، مہارت اور روایتی شان و شوکت ہے، نہ کہ لڑائی جھگڑے اور ذاتی عناد۔ اگر ہم نے بروقت اصلاحات کے ذریعے اس کھیل کو نظم و ضبط کا پابند بنا دیا تو آنے والی نسلوں کے لیے اس عظیم ثقافتی ورثے کو مزید محفوظ اور باوقار انداز میں منتقل کیا جا سکے گا۔
