تازہ ترین

مولانا فضل الرحمان کے خلاف حکومتی اقدامات جمہوری روایات کے منافی ہیں، وجیہ الدین

چترال (نمائندہ خصوصی): امیر جماعت اسلامی چترال لوئر وجیہ الدین نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف مبینہ حکومتی انتقامی کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں افسوسناک اور جمہوری روایات کے منافی قرار دیا ہے۔

​اپنے ایک بیان میں وجیہ الدین نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک جید عالم دین، مذہبی جماعت کے امیر، ایک بڑے مکتب فکر کے نمائندہ اور ملک کے مخلص و وفادار بزرگ سیاست دان ہیں۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کل تک موجودہ حکمرانوں کے لیے مولانا فضل الرحمان سیاسی جدوجہد کے امام و پیشوا تھے، تاہم آج محض اختلافِ رائے کی بنیاد پر ان کی تمام خدمات اور خوبیوں کو یکسر فراموش کر دیا گیا ہے۔

​بیان میں مزید کہا گیا کہ موجودہ حکومت اختلاف برداشت کرنے کی صلاحیت سے محروم دکھائی دیتی ہے اور سیاسی مخالفین کو دبانے، بدنام کرنے اور خاموش کرانے کے لیے انتقامی ہتھکنڈوں کا سہارا لے رہی ہے۔

​امیر جماعت اسلامی چترال لوئر نے مولانا فضل الرحمان اور ان کی جماعت کے خلاف ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلاف کو انتقام کا نشانہ بنانا نہ تو جمہوریت کے لیے اچھا ہے، نہ سیاست اور نہ ہی اس سے ملک کے سیاسی ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

Back to top button