
بمبوریت میں ڈپٹی کمشنر احسان اللہ کی کھلی کچہری، عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری
چترال (چترال ایکسپریس) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال احسان اللہ کی زیرِ صدارت بمبوریت میں عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا،
جس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران سمیت تمام متعلقہ لائن ڈپارٹمنٹس کے نمائندوں نے شرکت کی۔
کھلی کچہری کے دوران علاقے کے عوام نے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں، جنہیں ڈپٹی کمشنر نے تفصیل سے سنا اور متعلقہ افسران سے موقع پر جواب طلب کیا۔ بعض مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے گئے، جبکہ دیگر شکایات کو مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر احسان اللہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی تاخیر سے گریز کیا جائے، ہر شکایت پر مقررہ مدت کے اندر عملی پیش رفت یقینی بنائی جائے اور حل طلب مسائل پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی پیش کی جائے۔
