
2. دانش سکول لوئر چترال علاقے کی تعلیمی ترقی اور روشن مستقبل کی بنیاد بنے گا:نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ
چترال (چترال ایکسپریس)دانش سکول لوئر چترال کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور منصوبے کی بنیادوں کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اب اگلے مرحلے کے کاموں پر تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے۔
تعمیراتی عمل کی نگرانی ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر صفی اللہ خان کر رہے ہیں، جبکہ منصوبے کے معیار، رفتار اور تکنیکی امور پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ اسے منظور شدہ ڈیزائن اور انجینئرنگ کے اصولوں کے عین مطابق پایۂ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) نیاز احمد نیازی ایڈوکیٹ
کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، وفاقی حکومت اور حکومتِ خیبر پختونخوا کے مشترکہ تعاون سے قائم ہونے والے اس عظیم تعلیمی منصوبے میں بوائز اور گرلز کے لیے علیحدہ تعلیمی بلاکس، رہائشی بلاکس، اور ڈسپنسریوں کے علاوہ جدید لائبریری، ایڈمن بلاک اور اسٹاف کے لیے رہائشی بلاک کی تعمیر شامل ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دانش سکول کا قیام لوئر چترال میں معیاری تعلیم کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے کے ہونہار اور مستحق طلبہ و طالبات کو جدید اور معیاری تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی، جو نہ صرف خطے کی تعلیمی ترقی کو فروغ دے گا بلکہ آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی مضبوط بنیاد بھی ثابت ہوگا۔
