
لوئر چترال: پولیس سہولت مرکز زرگراندہ میں پولیس دربار کا انعقاد، اتحاد اور نظم و ضبط پر زور
چترال (چترال ایکسپریس) پولیس سہولت مرکز زرگراندہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال محمد خالد خان کی
زیرِ صدارت پولیس دربار کا انعقاد کیا گیا، جس میں فورس کے اتحاد، نظم و ضبط اور باہمی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
یہ دربار انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز مروت کی خصوصی ہدایات پر منعقد ہوا۔ تقریب میں
ایس پی انوسٹی گیشن عتیق الرحمٰن، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر عزیز الدین، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، لیڈی پولیس، ٹریفک وارڈنز، ایلیٹ فورس، ایف آر پی، اسپیشل برانچ، بم ڈسپوزل یونٹ اور منسٹریل اسٹاف سمیت افسران و جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او لوئر چترال محمد خالد خان نے کہا کہ ایک مضبوط اور منظم پولیس فورس کی بنیاد باہمی اعتماد، اتحاد، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے احساس پر قائم ہوتی ہے۔ انہوں نے افسران و جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ آپس میں احترام، تعاون اور ٹیم ورک کو فروغ دیتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، فرض شناسی اور لگن سے ادا کریں۔
دربار کے دوران جوانوں اور افسران کے
مسائل و شکایات تفصیل سے سنے گئے اور ان کے حل کے لیے محکمانہ قواعد و ضوابط کے مطابق فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی گئی۔ آخر میں تمام شرکاء کے لیے پر تکلف کھانے کا اہتمام بھی کیا گیا، جس کا مقصد فورس میں بھائی چارے، باہمی محبت اور یکجہتی کے جذبے کو مزید پروان چڑھانا تھا۔
