تازہ ترین

​لوئر چترال: جے یو آئی کے زیرِ حراست رہنماؤں کی رہائی، جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان

چترال (چترال ایکسپریس)جمعیت علمائے اسلام (ف) لوئر چترال کے تمام گرفتار مقامی قائدین کو رہا کر دیا گیا، رہنماؤں کا قائدِ جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار۔

​تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے حراست میں لیے گئے جے یو آئی لوئر چترال کے تمام رہنماؤں کی رہائی عمل میں آ گئی ہے۔ رہا ہونے والے رہنماؤں میں ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن، سینئر نائب امیر قاری جمال عبد الناصر، نائب امیر قاری وزیر احمد، نائب امیر قاری بشیر اکبر، جنرل سیکرٹری حاجی عبد المجید، سیکرٹری اطلاعات نصرت الٰہی اور سیکرٹری مالیات مولانا فیض محمد شامل ہیں۔

​اس کے علاوہ سابق ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن، سابق تحصیل ناظم مولانا محمد الیاس، ضلعی سالار مفتی ضمیر احمد اور سابق سیکرٹری اطلاعات قاضی محمد نسیم کو بھی رہا کر دیا گیا ہے۔

​جے یو آئی لوئر چترال کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان گرفتاریوں کا مقصد ملک بھر میں قائدِ جمعیت مولانا فضل الرحمٰن اور دیگر مرکزی قائدین و کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی مقامی قیادت کو روکنا تھا، تاہم ایسے ہتھکنڈوں سے جماعت کے اصولی مؤقف اور جمہوری جدوجہد کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔

​مقامی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ لوئر چترال کے تمام کارکنان اور ذمہ داران اپنے قائد مولانا فضل الرحمٰن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اس طرح کی گرفتاریوں سے کارکنان کے حوصلے پست ہونے کے بجائے مزید بلند ہوں گے۔

 

 

Back to top button