تازہ ترین

چترال میں سیاحت اور ثقافت کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت، پریس کلب اپر چترال کے صدر محمد علی مجاہد کا سیکرٹری ٹورزم اینڈ کلچر راجہ فضل خالق سے اہم ملاقات

پشاور(رپورٹ: شہزاد احمد):چترال میں سیاحت کے فروغ، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور علاقے کی سیاحتی استعداد کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے آج پشاور میں ایک اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سیکرٹری ٹورزم اینڈ کلچر خیبرپختونخوا راجہ فضل خالق اور پریس کلب اپر چترال کے صدر و قشقار ٹورزم کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) محمد علی مجاہد نے شرکت کی۔

ملاقات میں چترال میں سیاحت کے فروغ، ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد، مختلف سیاحتی پروگراموں کے انعقاد اور علاقے کے منفرد ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چترال میں سیاحت کی ترقی کے لیے سرکاری اور نجی شعبے کے اشتراک سے مشترکہ اقدامات اٹھانے اور مستقبل میں مل کر کام کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔

 

سیکرٹری ٹورزم اینڈ کلچر راجہ فضل خالق کا شمار چترال کے ان قابلِ فخر افسران میں ہوتا ہے جنہوں نے مختلف سرکاری عہدوں پر خدمات انجام دیتے ہوئے اپنے علاقے کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کو ہمیشہ اہمیت دی ہے۔ چترال کے مسائل، ترقیاتی امکانات اور عوامی ضروریات سے ان کی گہری وابستگی اور خصوصی دلچسپی ان کی شخصیت کا نمایاں پہلو ہے۔

 

محکمہ سیاحت و ثقافت کی اہم ذمہ داری پر ان کی موجودگی چترال کے لیے ایک حوصلہ افزا موقع ہے۔ قدرتی حسن، منفرد تہذیب و ثقافت، تاریخی ورثے اور بے پناہ سیاحتی امکانات سے مالا مال چترال کو سیاحت کے ایک نمایاں مرکز کے طور پر متعارف کرانے کے لیے ان کی دلچسپی اور سرپرستی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

 

پریس کلب اپر چترال کے صدر اور قشقار ٹورزم کمپنی کے سی ای او محمد علی مجاہد نے راجہ فضل خالق کی چترال کے لیے خدمات اور علاقے کی ترقی کے حوالے سے ان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ملاقات مستقبل میں سیاحت اور ثقافت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کی بنیاد بنے گی۔

یہ ملاقات محض ایک رسمی نشست نہیں بلکہ چترال کی سیاحتی ترقی، ثقافتی شناخت کے تحفظ اور علاقے کے روشن مستقبل کے لیے مشترکہ کوششوں کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔ توقع ہے کہ باہمی تعاون سے چترال میں سیاحت کے فروغ کے لیے نئی راہیں کھلیں گی۔

Back to top button