منیٰ میں پاکستانی ہلاکتوں کی تعداد 36 ہوگئی، ’85 لاپتہ‘

سعودی عرب میں حج کے دوران مچنے والی بھگدڑ میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے اور حادثے میں مزید 18 پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور کے مطابق اب منیٰ میں جمعرات کو پیش آنے والے حادثے میں ہلاک ہونے والے پاکستانی حاجیوں کی تعداد 36 تک پہنچ گئی ہے۔

وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ تاحال 85 پاکستانی حاجی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔

ہلاک شدگان میں 13 خواتین اور 23 مرد شامل ہیں۔

 

وزارت کا یہ بھی کہنا ہے کہ حادثے میں 35 پاکستانی زخمی بھی ہوئے تھے جن میں سے آٹھ تاحال مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جبکہ باقی کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا تھا۔

جن مزید 18 پاکستانی ہلاک شدگان کی شناخت ظاہر کی گئی ہے ان میں اسلام احمد، بشریٰ بی بی، محمد حسرت، عظیم خان، محمد ادریس، عامر محمد ملوک، گل شہناز، نجمہ، نور محمد، محمد اسلم، مدینہ بی بی، توصیف اختر، محمد اسماعیل خان، بی بی زارا، عبدالاحد، حاجی عباس خان، تلمیز خان، سراج احمد سراج، میاں محمد ریاض، عارف، عزیز مائی، بی بی شاکرہ، آصف خان، محمد ابراہیم خان اور محمد حسن خان شامل ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق مزید شناخت ہونے والے ان افراد میں سے دو کا تعلق لاہور اور ایک کا جھنگ سے ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ دیگر افراد کا تعلق ملک کے کن علاقوں سے ہے۔

سعودی حکام کی جانب سے تاحال ہلاک ہونے والے 769 افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے تاہم مختلف ممالک اس بارے میں اعدادوشمار جاری کر رہے ہیں۔

پاکستانی حکام نے ابتدائی طور پر منیٰ میں بھگدڑ کے بعد 236 افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی تھی اور ریڈیو پاکستان کے مطابق سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر منظور الحق کا کہنا ہے کہ اتوار تک ان میں سے 135 سے رابطہ ہوگیا ہے اور وہ بخیریت ہیں۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔