وکلاء برادری سستی اور فوری انصاف کی فراہمی میں بھی بنیادی اہمیت کے حامل ہیں؍ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ 

چترال ( نمائندہ چترال ایکسپریس) ضلع ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے انتخابی منشور اور وعدے کے مطابق بلدیاتی اداروں کو ترقیاتی فنڈز اور اختیارات تفویض نہیں کی اور نہ ہی اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے نعرے کو عملی جامہ پہنادیاجس کے نتیجے میں بلدیاتی ادارے بے مغنی ہوکر رہ گئے ہیں۔ منگل کے روز ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن چترال کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وکلاء براداری نے بحالی جمہوریت اور عدلیہ کی آزادی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور جمہوری اداروں کااستحکام بھی انہی کے ہاتھوں میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہاکہ وکلاء برادری سستی اور فوری انصاف کی فراہمی میں بھی بنیادی اہمیت کے حامل ہیں جن کی معاونت اوربھر پور شراکت کے بغیرسائلین کوان کی دہلیزپرفوری انصاف کی فراہمی کامقصدحاصل نہیں کیاجاسکتا۔ ضلع ناظم نے چترال کے وکلاء پر زور دیتے ہوئے کہاکہ چترال کی ترقی میں بھی وہ اپنا کردار ادا کریں اور ذمہ داریاں پوری کریں کیونکہ لواری ٹنل پراجیکٹ کی تکمیل اور سی پیک پراجیکٹ کا متبادل راستہ چترال سے گزرنے کے بعد چترال کی معاشی ، تجارتی اور سیاسی منظر نامہ تبدیل ہوگا اور نت نئی چیلنجز سامنے آئیں گے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن چترال کے صدرساجد اللہ ایڈوکیٹ،جنرل سیکرٹری سید مختارعلی شاہ ایڈوکیٹ،حافظ امان ایڈوکیٹ،عبدولی خان ایڈوکیٹ،صاحب نادرایڈوکیٹ،محمدحکیم ایڈوکیٹ اوردیگر سینئر وکلاء موجود تھے۔ ضلع ناظم نے ڈسٹرکٹ بار کی مختلف بنیادی ضروریات کوپورا کرنے کے لئے ایک لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان کیا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔