چترال لوئرقومی خبریں

یوسی آیون کے عوامی حلقوں کا آیون کالاش ویلیز روڈ کی تعمیر میں مسلسل سست روی پر افسوس کا اظہار

عوام آیون کو دھوکا دے کر صبر کا امتحان لینے کی کوشش کی جارہی ہے

چترال (چترال ایکسپریس )یونین کونسل آیون کے عوامی حلقوں نے آیون کالاش ویلیز روڈ کی تعمیر میں مسلسل سست روی پر نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے ۔ کہ حکومت اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی آیون کے عوام کے صبر کا امتحان لے رہے ہیں ۔ اور سنگین احتجاج کی راہ ہموار کر رہے ہیں ۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے آیون کے مختلف طبقہ فکر کے لوگوں نے کہا ۔کہ پانچ مہینے قبل وزیر اعظم معائنہ کمیشن کے دورہ چترال کے موقع پر یہ مژدہ سنایا گیا تھا کہ کالاش ویلیز روڈ پر بلا کسی تعطل کے کام جاری رہے گا ، ماہ اگست کے اختتام تک مین روڈ سے چتر پل تک بلیک ٹاپنگ کرکے سڑک مکمل کی جائے گی اور اکتوبر کے آخر تک آیون تھانہ کے قریب پل تک سڑک پختہ کی جائے گی ۔ اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔وزیر اعظم معائنہ کمیشن کے دورے کے بعد چند مشینری نظر آئے ۔ سڑک پر کبھی کبھار ایک اسکیویٹر اور ڈمپر دیکھے گئے ،اور ایک دو مقامات پر بدنما اور غیر معیاری کلوٹ تعمیر ہوتے دیکھے گئے، اس کے بعد عملا کہیں بھی کام ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا ۔ اربوں روپے کی لاگت کے میگا پراجیکٹ میں ایک دو مشینری کی موجودگی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے ۔

عوامی حلقوں نے کہا ہے کہ عوام کے ساتھ مسلسل یہ مذاق اب ناقابل برداشت ہو چکا ہے ۔ اس کا ذمہ دار این ایچ اے ہے ، متعلقہ ٹھیکہ دار یا حکومت عوام کو بتایا جائے ۔ انہوں نے کہا  کہ بار بار عوام آیون کو دھوکا دے کر صبر کا امتحان لینے کی کوشش کی جارہی ہے  جس کے خطرناک نتائج نکل سکتے ہیں ۔ انہوں نے وزیر اعظم معائنہ کمیشن کے ہیڈ خالد رانجھا اور ایم این اے چترال غزالہ انجم سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام آیون کے اشتعال میں آنے سے قبل اس روڈ کے تعمیراتی کام تیز رفتاری سے مکمل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں تاکہ سردیوں سے قبل سڑک کی بلیک ٹاپنگ ہو سکے ۔ کام کو بلاجواز طول دے کر سردیوں کی طرف لے جانے اور تارکول بچھانے سےفنڈ مکمل طور پر ضائع ہو جائے گا ۔ اور عوام بھی برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے اس امر کا اظہار کیا کہ اس کام میں اب سست روی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی  اور احتجاج کا راستہ اپنایا جائے گا ۔ اس لئے سنگین احتجاج کی کال سے قبل کام میں تیزی لاکر اس کو مکمل کیا جائے ۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO