
وادی کالاش رومبور میں ٹیلی نار انٹرنیٹ سروس معطل، عوام مشکلات میں مبتلا نوجوان صحافی فتح اللہ کی اے سی چترال سے ملاقات
چترال (چترال ایکسپریس) وادی کالاش رومبور میں گزشتہ کئی دنوں سے ٹیلی نار انٹرنیٹ سروس معطل ہونے کے باعث طلبا، اساتذہ، کاروباری طبقے اور مقامی صحافیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انٹرنیٹ سروس کی طویل بندش پر نوجوان صحافی فتح اللہ نے اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز لوئر چترال ریاض احمد سے ملاقات کی
اور انہیں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران فتح اللہ نے کہا کہ انٹرنیٹ آج کے دور کی بنیادی ضرورت بن چکا ہے، جس کی عدم دستیابی سے تعلیمی و پیشہ ورانہ سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لوئر چترال نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ٹیلی نار کے متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کرکے سروس کی جلد بحالی کے لیے اقدامات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
فتح اللہ نے مزید کہا کہ بطور صحافی ان کا فرض ہے کہ عوامی مسائل کو اجاگر کریں، تاہم افسوس کا مقام ہے کہ منتخب عوامی نمائندے ایسے بنیادی مسائل پر خاموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندگی کے باوجود علاقے کے عوام بے سہارا نظر آ رہے ہیں، حالانکہ یہ نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتظامیہ سے رابطے میں رہ کر عوامی مسائل حل کرائیں۔
یاد رہے کہ وادی رومبور میں انٹرنیٹ سروس کی بندش کے باعث طلبا آن لائن کلاسز سے محروم ہیں، جبکہ مقامی اساتذہ اور صحافیوں کو بھی اپنے فرائض کی انجام دہی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
