
انجمن ترقیِ کھوار حلقہ پشاور کا نئی کابینہ کا انتخاب ،مہربان الہی حنفی صدر منتخب
پشاور (چترال ایکسپریس )کھوار ادب کے معروف شاعر، ادیب، محقق اور ایف ایم ریڈیو کے مشہور و مقبول کمپیئر
مہربان الٰہی حنفی صدر منتخب، جبکہ نوجوان شاعر، ادیب اور اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹر محمد نذیر نذیر جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے۔
انجمن ترقیِ کھوار حلقہ پشاور کا سالانہ اجلاس اتوار کے روز انجینئر جلیل جلالی کے دولت خانے میں منعقد ہوا، جس میں سابقہ کی تحلیل اور نئی کابینہ کے انتخاب کے ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت انجمن ترقیِ کھوار کے بانی رکن اور ڈپٹی سیکریٹری پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ خواجہ سعید احمد سعید نے کی، جبکہ تلاوتِ کلامِ پاک سے اجلاس کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔
سابق صدر رحمان اللہ طوفان اور سابق جنرل سیکریٹری ابراہیم شاہ طائر نے اپنے خطاب میں گزشتہ چار برسوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ اس دوران قاضی عنایت جلیل عنبر اور سعید احمد سعید نے انجمن کی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ “انجمن ترقیِ کھوار ہمیشہ ادب، زبان اور ثقافت کے فروغ کے لیے مضبوط پلیٹ فارم مہیا کرتی رہی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔”
اجلاس میں فضل نعیم نعیم لال، مولانا عطاء الرحمن مقصود، خیر محمد سہیل، مجید مجروح، ظفر مسرور اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔
تنظیمِ نو کے مرحلے میں باہمی مشاورت اور ووٹنگ کے ذریعے نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ سابق صدر رحمان اللہ طوفان کو آئندہ کے لیے چیف تحقیق و تدوین مقرر کیا گیا ہے، جو اپنے تجربے کی بنیاد پر انجمن کی تمام تحقیقی و اشاعتی سرگرمیوں کی رہنمائی کریں گے۔
انتخابی نتائج کے مطابق نئی کابینہ کا اعلان یوں کیا گیا:
سرپرستِ اعلیٰ: قاضی عنایت جلیل عنب،رنائب سرپرستِ اعلیٰ: خواجہ سعید احمد،صدر: مہربان الٰہی حنفی،سینئر نائب صدر: سید ابراہیم شاہ طائر،کنوینئر: فضل نعیم نعیم لال،نائب صدر اوّل: خیر محمد سہیل،نائب صدر دوئم: مولانا عطاء الرحمن مقصود،سیکریٹری کوآرڈینیشن: ظفر مسرور،جنرل سیکریٹری: محمد نذیر نذیر،جوائنٹ سیکریٹری: طارق اللہ طارق،پریس سیکریٹری:عبدلمجید مجروح،فائنانس سیکریٹری: جلیل جلالی۔
نو منتخب صدر مہربان الٰہی حنفی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ زبان و ادب کی خدمت ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ:
“ہم کھوار زبان کے فروغ اور نوجوان قلمکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے نئے اور عملی اقدامات کریں گے۔”
اجلاس کے اختتام پر مولانا مقصود نے دعا کرائی، جس کے بعد شرکاء نے نئے جذبے اور ادبی خدمت کے عزم کے ساتھ اجلاس کو اختتام پذیر کیا۔

