
ڈی پی او لوئر چترال رفعت اللہ خان نے پودا لگا کر موسمِ بہار کی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا
چترال (چترال ایکسپریس)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان نے ڈی پی او آفس بلچ کے احاطے میں پودا لگا کر باقاعدہ طور پر موسمِ بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر پولیس کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
یہ مہم صرف ضلعی دفتر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ لوئر چترال کے تمام تھانہ جات اور پولیس چوکیات میں بڑے پیمانے پر پودے لگائے جائیں گے۔
شجرکاری کا بنیادی مقصد گلوبل وارمنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کا مقابلہ کرنا اور علاقے کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنا ہے۔
رفعت اللہ خان (ڈی پی او لوئر چترال) نے درختوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
”اگر ہم نے آج درخت نہ لگائے تو مستقبل میں ماحولیاتی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگا۔ پورے پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانا ہمارا قومی فریضہ ہے۔”
ڈی پی او نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ نہ صرف پودے لگائیں بلکہ ان کی مستقل دیکھ بھال اور آبیاری کو بھی یقینی بنائیں تاکہ یہ پودے تناور درخت بن کر ماحول کو خوشگوار بنا سکیں۔
