تازہ ترین

ریشن میں پبلک ہیلتھ منصوبہ التواء کا شکار، پانی کی شدید قلت

اپر چترال (شہزاد احمدسے)ریشن اور اس سے ملحقہ علاقوں میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا اہم پانی فراہمی منصوبہ کئی سال گزرنے کے باوجود تاحال مکمل نہ ہو سکا، جس کے باعث علاقے میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور عوام سخت مشکلات کا شکار ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ سال لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں پانی کی پائپ لائن اپنی جگہ سے ہٹ گئی تھی، تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے اب تک اس کی مرمت نہیں کی جا سکی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو مسئلے سے آگاہ کیا گیا، لیکن کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

دو سال قبل آنے والے سیلابی ریلے سے گاؤں شادیر، رصانندر اور بیگالندر کی پانی کی لائنیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی تھیں، جنہیں اب تک بحال نہیں کیا جا سکا۔ مقامی افراد کے مطابق منصوبے کے ٹھیکیدار نے فنڈز کی عدم فراہمی کو کام کی تکمیل میں رکاوٹ قرار دیا ہے، جبکہ تین سال گزرنے کے باوجود منصوبہ ادھورا پڑا ہے۔

پانی کی قلت کے باعث ریشن اور گردونواح میں عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، حتیٰ کہ بعض مقامات پر پانی کی تقسیم پر تنازعات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ مزید برآں، جن افراد نے اس منصوبے کے لیے اپنی زمینیں فراہم کی تھیں، انہیں نوکریوں کی فراہمی کے وعدے بھی تاحال پورے نہیں کیے گئے، جس پر متاثرین میں تشویش پائی جاتی ہے۔

عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر منصوبے کے لیے فنڈز جاری کرے اور اسے مکمل کروایا جائے، جبکہ پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ خود اس لائن کی دیکھ بھال سنبھالے تاکہ مستقبل میں ایسے مسائل سے بچا جا سکے۔

مقامی افراد نے ڈپٹی کمشنر اپر چترال سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ بارشوں یا سیلابی ریلوں کی صورت میں کروڑوں روپے مالیت کی پائپ لائن کو مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

علاقہ مکینوں نے تجویز دی ہے کہ پائپ لائن کو ریشن گول نالے سے ہٹا کر کسی محفوظ مقام سے گزارا جائے تاکہ مستقبل میں اس اہم منصوبے کو قدرتی آفات سے محفوظ بنایا جا سکے اور عوام کو صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
Best Wordpress Adblock Detecting Plugin | CHP Adblock