تازہ ترین

​چترال: بی آئی ایس پی کی رقم کے حصول کے لیے مستحق خواتین خوار، عوامی حلقوں کا شدید احتجاج

​رمضان المبارک میں سردی اور طویل قطاروں نے غریب خواتین کی مشکلات میں اضافہ کر دیا؛ ادائیگی کے مراکز بڑھانے اور بینکوں کے ذریعے براہ راست ادائیگی کا مطالبہ

چترال (چترال ایکسپریس) چترال کے عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی رقم کی ادائیگی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر آسان اور باعزت اقدامات کیے جائیں تاکہ دور دراز علاقوں سے آنے والی مستحق خواتین کو درپیش شدید مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

​تفصیلات کے مطابق، چترال کے مختلف علاقوں میں قائم ایزی پیسہ آؤٹ لیٹس اور ادائیگی کے مراکز کے باہر سینکڑوں خواتین کا غیر معمولی رش دیکھا جا رہا ہے۔ رمضان المبارک کے اس مقدس مہینے میں، جہاں ایک طرف روزہ اور دوسری طرف علاقے کی شدید سردی ہے، وہاں خواتین کو گھنٹوں طویل قطاروں میں کھڑا ہونا پڑ رہا ہے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ بدنظمی، عملے کی کمی اور مناسب سہولیات کے فقدان کی وجہ سے اکثر خواتین سارا دن انتظار کی سولی پر لٹکنے کے بعد شام کو خالی ہاتھ گھروں کو لوٹنے پر مجبور ہیں، جو کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

​اہالیانِ چترال نے وفاقی حکومت، بی آئی ایس پی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ چترال کی کٹھن جغرافیائی صورتحال اور موسم کی سختی کو مدنظر رکھتے ہوئے ادائیگی کے مراکز کی تعداد میں فوری اضافہ کیا جائے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ادائیگی کے لیے بینکوں کے ذریعے براہ راست اکاؤنٹ میں منتقلی جیسے آسان اور جدید طریقے اپنائے جائیں تاکہ ان غریب اور سفید پوش خواتین کی عزتِ نفس مجروح نہ ہو اور انہیں اپنے حق کے حصول کے لیے ذلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
Best Wordpress Adblock Detecting Plugin | CHP Adblock