
جشن قاقلشٹ 2026 کی تاخیر، عوام اور کھلاڑیوں میں بے چینی
اپر چترال (جمشید احمد)جشن قاقلشٹ 2026 کے انعقاد میں تاخیر کے باعث علاقے کے عوام، نوجوانوں، کھلاڑیوں اور سیاحوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ شائقین اس اہم ثقافتی میلے کے انعقاد کے لیے شدت سے منتظر ہیں، جو شندور فیسٹیول کے بعد چترال کا دوسرا بڑا ثقافتی ایونٹ سمجھا جاتا ہے۔
جشن قاقلشٹ کا بنیادی مقصد چترال کی بھرپور ثقافت کو اجاگر کرنا، مقامی روایات کو زندہ رکھنا اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ ہر سال جشن قاقلشٹ کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس میلے میں ملکی و غیر ملکی سیاح بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں اور قاقلشٹ کے حسین قدرتی مناظر، ثقافتی پروگراموں اور روایتی کھیلوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
تاہم رواں سال مختلف وجوہات اور فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث جشن کے انعقاد میں تاخیر ہو رہی ہے، جس پر مقامی آبادی اور سیاحتی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ شائقین کا کہنا ہے کہ اگر بروقت انتظامات نہ کیے گئے تو قاقلشٹ کا قدرتی حسن اور سرسبزہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
یاد رہے کہ وزیر کھیل و امور نوجوانان خیبر پختونخوا تاج محمد خان کے حالیہ دورہ اپر چترال کے موقع پر جشن قاقلشٹ کمیٹی کے اراکین نے
چیئرمین شہزادہ سکندرالملک کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر آفس میں ان سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے جشن قاقلشٹ 2026 کے انعقاد کی ذمہ داری لینے اور فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی۔
عوامی حلقوں، نوجوانوں اور کھلاڑیوں نے وزیر کھیل تاج محمد خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق فوری طور پر فنڈز کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ جشن قاقلشٹ کا بروقت انعقاد ممکن ہو سکے۔
مزید برآں ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا ثریا بی بی اور ڈپٹی کمشنر اپر چترال سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے اس اہم ثقافتی میلے کے انعقاد میں اپنا کردار ادا کریں، تاکہ عوام اور کھلاڑیوں کی توقعات پر پورا اترا جا سکے۔
