
اپر چترال میں کھلی کچہری، عوام نے مسائل کا انبار لگا دیا
اپر چترال (جمشید احمد) ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام ہیڈکوارٹر وریجون میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا،
جس میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر عدنان ملوکی نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں مختلف محکموں کے سربراہان اور ذمہ داران بھی موجود تھے۔
تقریب کا آغاز مولانا محمد اجمل کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد علاقہ موڑکہو و وریجون کے عوام نے اپنے مسائل تفصیل کے ساتھ پیش کیے۔
عوامی مسائل میں سڑکوں کی خستہ حالی اور تعمیر، آر ایچ سی ہسپتال دراسن میں ڈاکٹروں اور عملے کی کمی، موڑکہو کے نام پر سرکاری دفاتر کی فعالیت، فوری طور پر اسسٹنٹ کمشنر کی تعیناتی، ہیڈکوارٹر وریجون میں انتظامی دفاتر کو فعال بنانے، بجلی کے کھمبوں اور لائنوں کی مرمت، ہائی سکول دراسن کی منہدم عمارتوں کی دوبارہ تعمیر، دربار روڈ کی مرمت، رابطہ پل کی بحالی اور انٹرنیٹ و نیٹ ورک کے مسائل شامل تھے۔
کھلی کچہری میں
0 ایم ڈی ایم کے صدر احسان علی شاہ، سابق ہیڈماسٹر محمد حبیب، چیئرمین عبدالرفیع، وائس چیئرمین صحت شیر حبیب سمیت دیگر عمائدین علاقہ نے بھی اپنے مسائل اور تجاویز پیش کیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عدنان ملوکی نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ ڈپٹی کمشنر محمد عمران خان کی ہدایات کے مطابق تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، جبکہ بعض فوری نوعیت کے مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران کو احکامات جاری کیے گئے۔
