
چترال میں “جشنِ آمین” کے عنوان سے شاندار ادبی تقریب، استاد شاعر امین الرحمن چغتائی کو خراجِ تحسین
چترال (چترال ایکسپریس) انجمن ترقی کھوار حلقہ چترال کے زیر اہتمام دنین کے مقام پر ایک مقامی ہوٹل میں عظیم الشان ادبی تقریب بعنوان “جشنِ آمین” منعقد ہوئی، جس میں نامور استاد شاعر امین الرحمن چغتائی کو ان کی ادبی خدمات پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں چترال بھر سے شعراء، ادباء اور اہلِ قلم نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور
محفل کو ایک یادگار شام میں تبدیل کر دیا۔
محفلِ مشاعرہ کی صدارت سرپرست اعلیٰ مرکزی انجمن ترقی کھوار محمد عرفان عرفان نے کی جبکہ سابق صدر مرکزی انجمن ترقی کھوار یوسف شہزاد مہمانِ خصوصی تھے۔ نظامت کے فرائض کہوار اہلِ قلم چترال کے جنرل سیکرٹری سعادت حسین مخفی نے احسن انداز میں انجام دیے۔
تقریب میں مختلف حلقوں سے تعلق رکھنے والے شعراء نے کھوار زبان میں
اپنا کلام پیش کیا، جن میں انصار الٰہی نغمانی، آفتاب عالم جوہی، اعجاز احمد اعجاز، اصغر شیدائی، محبوب حسین محبوب، محمد اسلم شیروانی، جاوید اختر جواد، سید نذیر حسین شاہ نذیر، ظہور الحق دانش، غلام رسول بیقرار، ظفر اللہ پرواز، ذاکر محمد زخمی، عنایت اللہ اسیر، قاضی صالح نظام، معزالدین بہرام اور دیگر شامل تھے۔ حاضرین نے شعراء کے کلام کو خوب سراہا اور بھرپور داد دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی یوسف شہزاد، صدرِ محفل محمد عرفان عرفان، ڈاکٹر فضل خالق اور دیگر مقررین نے کہا کہ سینئر شعراء کے اعزاز میں ان کی زندگی میں اس نوعیت کی تقریبات کا انعقاد قابلِ تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرام نہ صرف ادبی شخصیات کی خدمات کا اعتراف ہیں بلکہ نوجوان نسل کے لیے بھی مشعلِ راہ ہیں۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ محافلِ مشاعرہ کھوار زبان و ادب کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور اس طرح کے پلیٹ فارمز سینئر اور نوجوان شعراء کے درمیان فکری رابطے کو مضبوط بناتے ہیں۔
اس موقع پر شمعِ محفل استاد شاعر امین الرحمن چغتائی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب ان کی زندگی کے یادگار لمحات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے انجمن ترقی کھوار حلقہ چترال کے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی مادری زبان اور ثقافت سے جڑے رہیں، کیونکہ یہی ان کی اصل شناخت ہے۔
تقریب میں فضل رحیم ایڈوکیٹ، محمد نیاب، محمد اشتیاق چترالی، فضل الرحمن شاہد، شہزادہ فہم عزیز سمیت دیگر معززین بھی موجود تھے۔
