اپر چترال میں سنی و اسماعیلی کمیونٹی کی مشترکہ صفائی و مرمتی مہم
اہرچترال (جمشیداحمد) اپر چترال میں اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس رحیم الحسینی کی متوقع تشریف آوری کے سلسلے میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اس موقع پر اسماعیلی کمیونٹی کے افراد اپنے پچاسویں امام کے دیدار کے لیے انتہائی عقیدت، احترام اور جوش و جذبے کا
اظہار کر رہے ہیں۔
پرنس رحیم الحسینی کی آمد کے پیش نظر سڑکوں کی صفائی، مرمت اور سفری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے مختلف مقامات پر رضاکارانہ سرگرمیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں اسماعیلی کمیونٹی کے رضاکاروں، بوائے سکاوٹس اپر چترال اور سارٹ (SART) کے اراکین بھرپور انداز میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
آج موڑکھو کے علاقے میں سنی اور اسماعیلی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکنوں نے مشترکہ طور پر موڑکھو ہیڈکوارٹر کے اندرونی راستوں کی صفائی اور مرمت کے کام میں حصہ لیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پرنس رحیم الحسینی کی تشریف آوری تک سڑکوں کو مکمل طور پر بحال اور آمدورفت کے قابل رکھا جائے گا۔
مقامی افراد نے اس مشترکہ کاوش کو بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور اجتماعی خدمت کی بہترین مثال قرار دیا۔

