چترال(چترال ایکسپریس)ایکٹنگ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال عتیق الرحمن کی زیر صدارت ڈی پی او آفس بلچ میں اہم سکیورٹی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پرنس رحیم آغا خان کے متوقع دورۂ لوئر چترال کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں
ایس پی انوسٹی گیشن اقبال کریم، ایس ڈی پی او سرکل لٹکوہ احمد عیسیٰ، اے ڈی آئی بی تمیزالدین، پریذیڈنٹ اسماعیلی ریجنل کونسل ظفر احمد، ایونٹ کوآرڈینیٹر میر حسام الدین، سکیورٹی کوآرڈینیٹر انور بیگ، انچارج ٹریفک پولیس وارڈن اے ایس آئی جنگ باز خان سمیت دیگر متعلقہ افسران اور نمائندگان نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران داخلی و خارجی راستوں، پارکنگ، ٹریفک مینجمنٹ، ایمرجنسی رسپانس، سکیورٹی ڈپلائمنٹ اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے دورے کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور عوام کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔
اس موقع پر ایکٹنگ ڈی پی او عتیق الرحمن نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور تمام اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ دورے کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

