
ریشن میں بجلی کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ نہ کرنے کے خلاف دھرنا جاری، 24 ستمبر کی ڈیڈ لائن
چترال (چترال ایکسپریس) اپر چترال کے علاقے ریشن میں صوبائی حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ نہ کرنے کے خلاف احتجاجی دھرنا جاری ہے، جس میں ریشن کے علاوہ زئیت سے چرون تک کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے عوام بھی شرکت کر رہے ہیں۔ رامداس چوک میں خواتین کے لیے بھی الگ احتجاجی کیمپ قائم کیا گیا ہے۔
احتجاجی کمیٹی کی جانب سے صوبائی حکومت کو مطالبات کے حل کے لیے 24 ستمبر تک کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے، جبکہ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں چترال، شندور روڈ کو مطالبات کی منظوری تک بلاک کرنے کی وارننگ دی گئی ہے۔
دھرنے کے باوجود تاحال صوبائی حکومت کی جانب سے احتجاجی کمیٹی سے مذاکرات کے لیے کسی کوشش کی اطلاع نہیں ملی۔ اس صورتحال کے باعث علاقے میں تشویش پائی
جاتی ہے اور احتجاجی دھرنا بدستور جاری ہے۔
دریں اثناء سابق یونین ناظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما امیراللہ نے ٹیلی فون پر میڈیا کو بتایا کہ ریشن پاور کمیٹی کے وفد کا ڈپٹی کمشنر اپر چترال احسان اللہ کے ساتھ ان کے دفتر میں اجلاس ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر نے کمیٹی کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ 22 ستمبر کو پشاور میں ہونے والے اجلاس میں ریشن پاور کمیٹی کا مؤقف پیش کریں گے۔
امیراللہ کے مطابق احتجاجی کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ مطالبات حل ہونے تک دھرنا جاری رہے گا اور اس سلسلے میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
