
دروش میں ناجائز لوڈ شیڈنگ فوری ختم کی جائے، ورنہ احتجاجی تحریک چلائیں گے: وجیہ الدین
چترال (چترال ایکسپریس)امیر جماعت اسلامی چترال وجیہ الدین نے تحصیل دروش میں جاری غیر قانونی اور ناجائز لوڈ شیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ کو خبردار کیا ہے کہ مختلف حیلوں بہانوں سے عوام کو پریشان کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔
اپنے ایک اہم بیان میں
امیر جماعت اسلامی چترال کا کہنا تھا کہ اگر کسی فرد یا ادارے کے ذمے محکمہ کے واجبات باقی ہیں تو ان کی وصولی کے لیے قانونی طریقہ کار اپنایا جائے۔ چند افراد یا اداروں کے بقایاجات کا بہانہ بنا کر پورے علاقے کے عوام کو بجلی کی فراہمی سے محروم کرنا اور اجتماعي سزا دینا سراسر ناانصافی اور عوام دشمن اقدام ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بجلی جیسی بنیادی سہولت سے شہریوں کو محروم رکھنا اور انہیں غیر ضروری مشکلات میں مبتلا کرنا شدید زیادتی ہے۔ متعلقہ محکمہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرے اور دروش میں درپیش لوڈ شیڈنگ کے سنگین مسئلے کو فوری طور پر حل کرے۔
وجیہ الدین نے متعلقہ حکام کو حتمی تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر دروش میں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو جماعت اسلامی عوام کے ہمراہ متعلقہ محکمہ کے خلاف باقاعدہ اور پرامن احتجاجی تحریک شروع کرے گی، جس سے پیدا ہونے والی تمام تر صورتحال کی ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ و حکام پر عائد ہوگی۔
