
کور کمانڈر پشاور کا چترال کے سرحدی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا افتتاح
چترال (چترال ایکسپریس)کور کمانڈر 11 کور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے چترال میں سرحد رورل سپورٹ پروگرام (SRSP) کے تحت تعمیر کیے گئے
پلوں اور سڑک کے منصوبوں کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد دور افتادہ سرحدی علاقوں ارسون اور پٹئی کی وادیوں کو اہم چترال پشاور شاہراہ سے جوڑنا ہے۔ کور کمانڈر نے مقامی برادری کی خصوصی دعوت پر پٹئی پل پہنچ کر ان منصوبوں کا افتتاح کیا۔
یہ منصوبے جرمن حکومت کے مالی تعاون اور ‘پیٹرپ’ (PATRIP) فاؤنڈیشن کے تحت ایس آر ایس پی کی جانب سے مکمل کیے گئے ہیں، جن میں دو جیپ ایبل معلق (سسپنشن) پل اور 8 کلومیٹر طویل سڑک شامل ہے:
دریائے چترال پر400 فٹ لمبا یہ پل 16 کروڑ روپے کی لاگت
سے تعمیر کیا گیا ہے۔
نگارگول نالے پر 200 فٹ لمبائی کا یہ پل 13 کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے تیار ہوا ہے۔
چترال پشاور شاہراہ سے ارسون تک 8 کلومیٹر طویل تمام موسموں میں کارآمد رہنے والی سڑک 12 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے۔
اس موقع پر ایس آر ایس پی کے سی ای او مسعود الملک نے کور کمانڈر کو
بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایس آر ایس پی نے جرمن حکومت اور پیٹرپ فاؤنڈیشن کے تعاون سے ضلع چترال میں 2.3 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ اس کے تحت آرندو وادی روڈ سمیت 57 کلومیٹر طویل سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں، جبکہ 48 سرکاری سکولوں کی ازسرنو تعمیر کی گئی ہے اور متعدد سکولوں کو فرنیچر اور کمپیوٹرز جیسی بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ زرعی تحقیقاتی مرکز چترال اور آرندو میں مارکیٹنگ سینٹر کی بحالی میں بھی مدد فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت خیبر، کرم، باجوڑ اور شمالی وزیرستان میں بھی عوام کے لیے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کا کام جاری ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے
ایس آر ایس پی کی خدمات کو سراہا اور دعوت دینے پر مقامی برادری اور ایس آر ایس پی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی اور مشکل علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو سہولیات اور مواقع فراہم کرنا حکومت، پاک فوج اور سول سوسائٹی کی مشترکہ ذمہ داری ہے،
کور کمانڈر نے مقامی برادری کی درخواست پر کور فنڈز سے اس نئی سڑک کو پختہ (میٹل) کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
ڈپٹی کمشنر چترال احسان اللہ نے تقریب میں بتایا کہ ان تعمیر شدہ بنیادی ڈھانچوں کو باقاعدہ محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس (C&W) کے سپرد کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ تقریب کے دوران عوام کی جانب سے اٹھائے گئے پینے کے پانی کے مسائل کو بھی حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔
افتتاحی تقریب میں ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ حکام، آئی جی ایف سی نارتھ، علاقے کے معززین، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور ایس آر ایس پی کے عملے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
