
ایمرجنسی اور گورنر راج سے وفاقی ترقیاتی منصوبے متاثر نہیں ہوں گے، نیاز احمد نیازی ایڈووکیٹ
چترال (چترال ایکسپریس) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارٹی ترجمان نیاز احمد نیازی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ چترال میں وفاقی حکومت کے زیرِ انتظام جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رہے گا اور صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ
سے ان منصوبوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
ایک بیان میں انہوں نے عوامی خدشات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ دانش اسکول، چترال بونی روڈ، کالاش ویلیز روڈ، گرم چشمہ روڈ اور تورکھو روڈ سمیت دیگر وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر تعمیراتی کام نہ صرف جاری رہے گا بلکہ ان کی رفتار مزید تیز ہونے کی توقع ہے۔
نیاز احمد نیازی ایڈووکیٹ نے کہا کہ سابق صوبائی حکومت کی جانب سے مطلوبہ تعاون نہ ملنے کے باعث بعض ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار متاثر ہوتی رہی، تاہم اب ان منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت چترال کی ترقی اور عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل سے علاقے میں ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
