
چترال میں عالمی سنو لیپرڈ ڈے کا انعقاد: آگاہی واک اور تقریب میں برفانی چیتے کے تحفظ اور ماحولیاتی قانون سازی پر زور
چترال (چترال ایکسپریس):ہندوکش انوائرمنٹل پروٹیکشن الائنس (HEPA) کے زیرِ اہتمام عالمی سنو لیپرڈ ڈے (برفانی چیتے کے عالمی دن) کے موقع پر جوغور میں دی بیکن آف نارتھ اسکول کے طلبہ کے اشتراک سے ایک شاندار آگاہی ایونٹ کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب و واک کو ضلعی انتظامیہ، ٹی ایم اے چترال، چترال گول نیشنل پارک اور سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن
کی معاونت حاصل تھی۔
ایونٹ کے پہلے مرحلے میں اسکول کے طلبہ، مقامی معززین اور ماحولیاتی تنظیم کے نمائندوں نے ایک آگاہی واک میں شرکت کی، جس کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے باقاعدہ ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا تھا۔ واک کے دوران شرکا اور طلبہ نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر برفانی چیتے کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی قانون سازی کے مطالبات درج تھے۔ سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے اسسٹنٹ ریسرچ انور مقصود نے واک میں نمائندگی کی۔
واک کے بعد اسکول میں منعقدہ پروقار تقریب سے
خطاب کرتے ہوئے HEPA کے صدر سرور کمال نے برفانی چیتے کی اہمیت اور اس کو درپیش خطرات پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ برفانی چیتا ایک نایاب قدرتی ورثہ ہے جو اس وقت معدومیت کے خطرے سے دوچار ہے، اور اسے آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
سرور کمال نے نشاندہی کی کہ ایندھن کے لیے شاہ بلوط اور دیار کے درختوں کی بے دریغ کٹائی سے جنگلی حیات کا قدرتی مسکن تباہ ہو رہا ہے۔ شاہ بلوط مارخور کی بنیادی خوراک ہے اور مارخور برفانی چیتے کا اہم شکار ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گولین گول سے پیدا ہونے والی بجلی مقامی آبادی کو رعایتی نرخوں پر دی جائے تاکہ ایندھن کے لیے جنگلات پر انحصار ختم ہو۔
مؤثر ماحولیاتی قانون سازی:
جوغور گول کے حالیہ تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجارتی چرائی پر پابندی کے حکم نامے پر قانونی تعطل کے باعث عمل درآمد متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے چترال کے نازک ماحولیاتی نظام کی حفاظت کے لیے مؤثر قانون سازی کا مطالبہ کیا۔
سرور کمال نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے مارخور کی ٹرافی ہنٹنگ پرمٹس کے ذریعے 25 کروڑ روپے کی حاصل شدہ رقم کا خیرمقدم کیا، تاہم ولیج کنزرویشن کمیٹیوں (VCCs) کی شفافیت پر تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ HEPA نے VCCs کے نظام میں اصلاحات کے لیے 11 نکاتی مسودہ ڈپٹی کمشنر اور DFO وائلڈ لائف کو پیش کر دیا ہے۔
تقریب کے اختتام پر موضوع سے متعلق تقریری مقابلے میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات اور دی بیکن آف نارتھ اسکول کو HEPA اور سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن کی طرف سے اعزازی شیلڈ تقسیم کی گئی۔ تقریب کا اختتام دعائے خیر پر ہوا۔
