
چترال فٹبال لیگ کے چیف ایگزیکٹوکمال عبدالجمیل کو ’’ویژنری سی ای او ایوارڈ‘‘ سے نواز دیا گیا
اسلام آباد (چترال ایکسپریس) چترال فٹبال لیگ (CFL) کے چیف ایگزیکٹو کمال عبدالجمیل کو پاکستان بزنس ایکسیلنس سمٹ(Pakistan Business Excellence Summit) میں ’’ویژنری سی ای او ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا۔
انہیں یہ اعزاز فٹبال کے فروغ اور کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کی شمولیت اور فلاح و بہبود، امن اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ، معاشرتی ترقی، مقامی کمیونٹی اور مقامی معیشت کے لیے مواقع پیدا کرنے کے وژن اور خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمال عبدالجمیل نے کہا کہ پاکستان کی سطح پر منعقد ہونے والے اپنی نوعیت کے اس منفرد سمٹ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات شریک ہیں ،
مگر کھیلوں یعنی فٹبال کے شعبے سے واحد میں یہاں موجود ہوں جو اس بات کو واضح کرتی ہے کہ اپنی چھ سالہ سفر کے ساتھ چترال فٹبال لیگ نے ’’فٹبال‘‘ کو کاروباری شعبے کے ساتھ لنک کرنے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا اس سمٹ میں موجود بیشتر دوستوں کیلئے فٹبال کے ایونٹ کو پذیرائی ملنا یقیناً حیرانی کن ہے تاہم چترال فٹبال لیگ صرف ایک ٹورنمنٹ نہیں بلکہ یہ ایک ایسا ایونٹ ہے جسکا معاشرے کے دیگر اہم شعبوں پر براہ راست اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چترال فٹبال لیگ نے یہ تصور اجاگر کیا ہے کہ فٹبال محض تفریح یا کھیل تک محدود نہیں بلکہ ایک باقاعدہ صنعت بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے ذریعے سیاحت، ہوٹلنگ، ٹرانسپورٹ، مقامی کاروبار، نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں، سماجی ہم آہنگی اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یورپ، شمالی و جنوبی امریکہ اور خلیجی ممالک میں فٹبال ایک بڑی صنعت کی حیثیت اختیار کر چکا ہے، اس لیے پاکستان میں بھی اسے صرف کھیل کے بجائے ایک صنعت کے طور پر تسلیم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت، کارپوریٹ سیکٹر اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ فٹبال کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کریں اور اس شعبے کو اس کی صلاحیت کے مطابق سرپرستی اور وسائل فراہم کریں۔
چترال فٹبال لیگ کے چیف ایگزیکٹو نے اس موقع پر لیگ کے تمام شراکت داروں، اسپانسرز اور معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون نے اس سفر کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھیلوں کے ذریعے معاشرے میں دیرپا اور مثبت تبدیلی لانے، نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے اور کمیونٹی کی ترقی کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
