
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضِر اللہ کی زیر صدارت یونیورسٹی آف چترال کی اکیڈمک کونسل کا 9واں اجلاس، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے چار سالہ بی ایس پروگرام شروع کرنے کی تجویز پر غور
چترال (چترال ایکسپریس) یونیورسٹی آف چترال کی اکیڈمک کونسل کے 9ویں اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی (Climate Change and Sustainability) کے موضوع پر چار سالہ بی ایس پروگرام متعارف کرانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضِر اللہ کی زیر صدارت یونیورسٹی کے کانفرنس روم میں
منعقد ہوا، جس میں یونیورسٹی کے تعلیمی، انتظامی اور پالیسی سے متعلق مختلف اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں میرٹ اسکالرشپ کے قواعد و ضوابط میں ترامیم، خالی نشستوں کے مؤثر استعمال، طلبہ کی مائیگریشن، کریڈٹ ٹرانسفر اور امتحانات سے متعلق معاملات زیر بحث آئے۔
اس موقع پر شعبہ نباتیات اور شعبہ حیوانیات کے اشتراک سے موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کے موضوع پر چار سالہ بی ایس پروگرام شروع کرنے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مجوزہ پروگرام کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں اور پائیدار ترقی کے حوالے سے اعلیٰ تعلیم اور تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
اجلاس میں بی ایس کمپیوٹر سائنس کے پانچویں سمسٹر میں اضافی نشستوں کی فراہمی، نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل (NCEAC) اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے مقررہ معیار کے مطابق ادارہ جاتی پالیسیوں کی تشکیل اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ یونیورسٹی میں تعلیمی معیار کی بہتری، نئے تعلیمی مواقع کی فراہمی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی پروگراموں کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
