
اپر چترال پریس کلب میں ایچ پی وی ویکسینیشن کے حوالے سے آگاہی و تربیتی نشست، صحافیوں اور سماجی شعبے سے وابستہ خواتین کی شرکت
اپر چترال(شہزاد احمد)اپر چترال پریس کلب میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ اور HPV ویکسینیشن مہم کے حوالے سے ایک آگاہی و تربیتی نشست منعقد ہوئی، جس میں محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام، صحافیوں اور سماجی شعبے سے وابستہ خواتین نے شرکت کی۔
نشست میں ڈی ایچ او اپر چترال ڈاکٹر فیاض علی رومی، ای پی آئی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ولی خان، سابق ڈی ایچ او ڈاکٹر رحمت امان اور محکمہ صحت کے سینئر ٹیکنیشن سمیت دیگر
متعلقہ افراد شریک ہوئے۔
اس موقع پر ڈاکٹر ولی خان اور دیگر ماہرین نے شرکاء کو HPV ویکسینیشن کی اہمیت، سروائیکل کینسر کی وجوہات اور اس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی۔
مقررین نے بتایا کہ حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے 11 نومبر سے 24 نومبر 2026 تک 9 سے 14 سال کی عمر کی بچیوں کے لیے HPV ویکسینیشن مہم شروع کی جا رہی ہے۔ اس مہم کا مقصد بچیوں کو مستقبل میں سروائیکل کینسر کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے بروقت حفاظتی اقدامات کرنا ہے۔
نشست کے دوران محکمہ صحت کے حکام نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ اپنے میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے HPV ویکسینیشن سے متعلق درست معلومات عوام تک پہنچائیں، والدین کے خدشات دور کرنے اور غیر مصدقہ اطلاعات و افواہوں کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں۔
اس موقع پر اپر چترال پریس کلب کے ممبران اور سماجی شعبے میں خدمات انجام دینے والی خواتین نے بھی شرکت کی اور عوامی سطح پر آگاہی مہم میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
نشست میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بچیوں کی صحت اور محفوظ مستقبل کے لیے والدین، اساتذہ، میڈیا اور سماجی اداروں کا مشترکہ کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
