تازہ ترین

جے یو آئی لوئر چترال کا احتجاجی مظاہرہ، مولانا فضل الرحمن کے خلاف مبینہ میڈیا ٹرائل اور رہنماؤں کی گرفتاریوں کی مذمت

چترال (چترال ایکسپریس) جمعیت علماء اسلام لوئر چترال کے زیر اہتمام صوبائی جماعت کی ہدایت پر مین بائی پاس روڈ پر واقع ضلعی دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن نے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے خلاف مبینہ میڈیا ٹرائل اور جے یو آئی کے رہنماؤں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان اپنے قائد کے بیانیے کے ساتھ پہلے بھی کھڑے تھے، آج بھی ہیں اور آئندہ بھی ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اپنے قائد اور جماعت کے مؤقف پر ثابت قدم ہے اور کسی بھی دباؤ کے سامنے جھکنے والی نہیں۔
دیگر مقررین نے صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ اور تجاوزات کے نام پر مفتی محمود مرکز کو مسمار کرنے کے مبینہ منصوبے کی بھی شدید مذمت کی اور اسے جماعت کے لیے ناقابل قبول قرار دیا۔
احتجاجی مظاہرے سے جمعیت علماء اسلام کے سینئر نائب امیر قاری جمال عبد الناصر، جنرل سیکرٹری حاجی عبد المجید، مولانا قاری عبد الرحمن قریشی، مولانا فیض محمد، مولانا حسین احمد، مولانا محمد الیاس، مفتی کفایت اللہ، مولانا علی اکبر حقانی، صلاح الدین طوفان اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

زر الذهاب إلى الأعلى