
صحت مند حیوانات خوشحال اور مضبوط گھرانے کی علامت ہیں، زمیندار لائیو اسٹاک ماہرین کی ہدایات پر عمل کریں، ڈاکٹر غلام محمد
چترال (محکم الدین) چترال میں مال مویشیوں کی افزائش، بہتر نگہداشت اور ان سے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے حوالے سے زمینداروں میں آگہی پیدا کرنے کے لیے محکمہ لائیو اسٹاک اور حکومتی معاون اداروں کے اشتراک سے مختلف علاقوں میں آگہی پروگراموں کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سلسلے میں پرابیک گرم چشمہ، کالاش ویلی بمبوریت، بریر اور کریم آباد سمیت چترال کے مختلف علاقوں میں آگہی پروگرام منعقد کیے گئے، جن میں زمینداروں بالخصوص خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پروگراموں کے دوران حیوانات کی اہمیت، انسانی زندگی میں ان کے کردار اور صحت مند مویشیوں سے معیاری دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیو اسٹاک لوئر چترال ڈاکٹر غلام محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند اور اچھی نسل کے حیوانات مضبوط اور خوشحال گھرانے کی علامت ہیں۔ جو زمیندار سائنسی اصولوں اور ماہرین کی ہدایات کے مطابق اپنے مال مویشیوں کی پرورش اور نگہداشت کرے گا، وہ اپنی محنت کے نتیجے میں بہتر پیداوار اور دوہرے فوائد حاصل کر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح انسان مختلف بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں، اسی طرح حیوانات بھی مختلف امراض میں مبتلا ہو سکتے ہیں، تاہم بروقت تشخیص اور علاج کے ذریعے انہیں بڑے نقصان سے بچایا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ زمیندار حیوانات کی بیماریوں سے متعلق آگہی حاصل کریں اور علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر وٹرنری ڈاکٹر سے رجوع کریں، کیونکہ موجودہ دور میں مال مویشیوں کی قیمت لاکھوں روپے تک پہنچ چکی ہے۔
ڈاکٹر غلام محمد کا کہنا تھا کہ مال مویشی زمینداروں کے لیے آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔ ان کی فروخت سے نقد رقم حاصل ہوتی ہے، جبکہ دودھ، گوشت اور کھال بھی معاشی فوائد فراہم کرتے ہیں۔ اس کے باوجود افسوسناک امر یہ ہے کہ اکثر زمیندار اپنے حیوانات کو مناسب خوراک فراہم کرنے، ان کی صحت کا خیال رکھنے اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے مطلوبہ توجہ نہیں دیتے، جس کے باعث ان سے مطلوبہ پیداوار حاصل نہیں ہو پاتی۔
انہوں نے زمینداروں پر زور دیا کہ وہ اپنے مال مویشیوں کی بروقت ویکسینیشن یقینی بنائیں، وٹرنری ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق ادویات اور متوازن و صاف خوراک فراہم کریں اور مویشی خانوں کی صفائی کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ حیوانات کو بیماریوں سے محفوظ رکھ کر دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی زندگی اور حیوانات کا چولی دامن کا ساتھ ہے، اس لیے حیوانات کی بہتر نگہداشت دراصل گھرانوں کی معاشی خوشحالی اور صحت مند معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
