
*ارندو سیکٹر میں جنگ بندی، پاک افغان عمائدین کا جرگہ کامیاب، اعلامیہ جاری*
چترال(چترال ایکسپریس) پاک افغان سرحد ارندو سیکٹر میں دو ممالک کے سرحدی علاقوں کے مشران کے درمیان ہونے والے ایک جرگے کے بعد اس علاقے میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سرحدی علاقے ارندو کے مقامی عمائدین اور افغانستان کے صوبے کنٹر کے ضلع ناڑی اور صوبہ نورستان کے اضلاع برگمٹال اور کامدیش کے عمائدین کے ایک بڑے جرگے میں سرحدی جھڑپوں کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر طویل مشاورت کے بعد بالآخر ایک معاہدہ
طے پا گیا ہے۔
عمائدین کے جرگے میں طے پانے والے نکات کے مطابق افغان طالبان حکومت صوبہ کنڑ کے ضلع ناڑی اور نورستان کے اضلاع برگمٹال اور کامدیش میں فتنہ الخوارج کی کوئی سہولت کاری نہیں کرے گی اور انہیں پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کے تخریب کاری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اگر ناڑی سے لیکر برگمٹال تک کے کسی بھی علاقے سے پاکستانی علاقے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تو “نورستان” کے رابطہ سڑک کو بند کردیا جائے گا۔
معاہدے کی رو سے افغانستان کے ضلع ناڑی کے قصبات ناڑی، بریکوٹ، دوکلام اور کنڈاکسی کی سول آبادی اپنے اپنے گاؤں واپس آئینگے جبکہ پاکستانی سائیڈ “ارندو” کے عوام بھی اپنے گاؤں واپس آئینگے۔
معاہدے کے مطابق نورستان کو جانے والی سڑک پیدل اور ٹریفک ہر دو مقصد کیلئے کھلا رہے گا۔
اس جرگے میں دواطراف کے سرحدی علاقوں کے مشران نے شرکت کی.
