
لوئر چترال میں ٹریفک کی بہتری کیلئے ریڑھی بانوں کے خلاف خصوصی مہم
چترال (چترال ایکسپریس):عوامی شکایات پر لوئر چترال ٹریفک وارڈن پولیس نے سٹی بازار میں ریڑھی بانوں کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کر دیا۔ مہم کا مقصد سڑکوں پر غیر قانونی طور پر قائم ریڑھیوں کو ہٹانا اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان کی خصوصی ہدایات پر انچارج ٹریفک وارڈن پولیس ایس آئی عادل احمد بیگ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے سٹی بازار چترال میں ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے والے ریڑھی بانوں
اور سوزوکی ڈرائیورز کے خلاف ایکشن لیا۔
کارروائی کے دوران متعدد ریڑھی بانوں اور سوزوکی گاڑیوں کو سبزی منڈی منتقل کر دیا گیا، جہاں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان کے لیے باقاعدہ جگہ مختص کی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کو سہولت فراہم کرنے اور بازار میں ٹریفک کے مسائل کو کم کرنے کیلئے یہ مہم جاری رہے گی۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
