تازہ ترین

کالاش رومبور میں ٹیلی نار سروس معطل، فور جی اور مواصلاتی نظام متاثر۔فتح اللہ

چترال (چترال ایکسپریس)وادی کالاش رومبور میں ٹیلی نار سروس کی بندش اور فور جی انٹرنیٹ کی خراب صورتحال نے پورے علاقے میں زندگی کے تمام شعبوں کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ رومبور کے مختلف مقامات پر موبائل انٹرنیٹ غیر فعال یا انتہائی سست روی کا شکار ہے، جس کے باعث مقامی آبادی اور سیاح شدید مشکلات میں مبتلا ہیں۔

مقامی صحافی فتح اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ماضی میں اس علاقے میں انٹرنیٹ سروس انتہائی تیز اور ہر جگہ دستیاب تھی، تاہم اب مختلف مقامات پر فور جی انٹرنیٹ یا تو بند ہے یا غیر مؤثر ہو چکا ہے، جس سے رابطے کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کالاش گرام میں قائم ٹیلی نار ٹاور پر بجلی کا کوئی مستقل انتظام موجود نہیں جبکہ نصب سولر سسٹم بھی ناکارہ ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ فیول کی فراہمی بھی نہ ہونے کے برابر ہے، جس کے باعث مواصلاتی نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے۔

فتح اللہ کے مطابق فیول سپلائی کے حوالے سے بھی شدید انتظامی مسائل سامنے آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو عملہ فیول ٹاور تک پہنچانے کا ذمہ دار ہے وہ اکثر وقت پر اپنی ڈیوٹی انجام نہیں دیتا اور چوبیس گھنٹے موجود نہیں رہتا۔ عملے کا مؤقف ہے کہ تنخواہیں انتہائی کم ہونے کی وجہ سے وہ دیگر کام بھی کرتے ہیں کیونکہ صرف اس آمدن سے گزارہ ممکن نہیں، جس کے باعث فیول کی ترسیل میں تاخیر ہوتی ہے اور نظام مزید متاثر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے باعث علاقے میں کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، آن لائن اور تعلیمی معاملات رک چکے ہیں، جبکہ صحت کے شعبے میں بھی سنگین مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔ وقت پر گاڑی یا ایمرجنسی سروس کا انتظام ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کے بغیر تقریباً ناممکن ہو چکا ہے، جس سے درجنوں روزمرہ کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

فتح اللہ نے مزید کہا کہ یہ صورتحال نہ صرف مقامی آبادی کے لیے مشکلات کا باعث ہے بلکہ ایک اہم سیاحتی اور ثقافتی علاقے کی ساکھ کو بھی متاثر کر رہی ہے۔ ان کے مطابق فوری طور پر سولر سسٹم کی بحالی، فیول سپلائی کے نظام کو بہتر بنانے، عملے کی مناسب ڈیوٹی شیڈولنگ اور فور جی انٹرنیٹ کی مکمل بحالی ناگزیر ہو چکی ہے۔

انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ عوامی خاموشی اس مسئلے کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے، اور لوگوں کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا اور پرامن طریقوں سے اپنی آواز بلند کریں تاکہ متعلقہ ادارے فوری طور پر اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے سکیں اور مواصلاتی نظام کو بحال کیا جا سکے۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
Best Wordpress Adblock Detecting Plugin | CHP Adblock