
چترال میں آگیگا کی 20 مئی کو مکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کا اعلان
چترال(چترال ایکسپریس )آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (آگیگا) چترال لوئر کا ایک اہم اجلاس چیئرمین آگیگا چترال لوئر ضیاء الرحمن کی زیر صدارت منعقد ہوا،
جس میں مختلف تنظیمات کے صدور اور نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں 20 مئی 2026 کو آگیگا خیبرپختونخوا کی جانب سے دی گئی احتجاج اور ہڑتال کی کال کو کامیاب بنانے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر احتجاج اور ہڑتال کے انتظامات اور نگرانی کے لیے ایک ایکشن کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو ہڑتال کی کامیابی کا جائزہ لے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 20 مئی کو تمام سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور ہسپتال مکمل ہڑتال کریں گے، تاہم ہسپتالوں میں صرف ایمرجنسی سروسز جاری رہیں گی۔
مزید فیصلہ کیا گیا کہ صبح 11 بجے چترال پریس کلب کے سامنے حکومت اور آئی ایم ایف کی مبینہ ملازم کش اور ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
آگیگا چترال لوئر کے رہنماؤں نے تمام سرکاری ملازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے احتجاج اور ہڑتال میں بھرپور شرکت کریں۔
