
لوئر چترال وکلاء کو رائٹ ٹو سروسز ایکٹ 2014 سے متعلق آگاہی سیشن
چترال (چترال ایکسپریس) رائٹ ٹو سروسز کمیشن لوئر چترال کے زیرِ اہتمام ڈسٹرکٹ بار روم میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لوئر چترال کے وکلاء کے لیے ایک اہم آگاہی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں رائٹ ٹو سروسز ایکٹ 2014 کے اہم نکات اور عوامی خدمات کی بروقت فراہمی سے متعلق تفصیلی آگاہی دی گئی۔
سیشن سے خطاب کرتے ہوئے
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر منیر احمد نے کہا کہ وکلاء کسی بھی مہذب معاشرے میں انصاف، اصلاح اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء عوام کو ان کے قانونی حقوق اور سرکاری اداروں سے مقررہ وقت میں خدمات کے حصول کے حوالے سے شعور دینے میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رائٹ ٹو سروسز ایکٹ 2014 کا بنیادی مقصد شہریوں کو سرکاری خدمات کی بروقت فراہمی یقینی بنانا اور تاخیر یا غفلت کی صورت میں متعلقہ اداروں کو جوابدہ بنانا ہے۔
سیشن کے اختتام پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لوئر چترال مومن الرحمن ایڈووکیٹ نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوامی خدمات کی بروقت فراہمی کے لیے کمیشن کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمات میں تاخیر ناقابلِ برداشت ہے اور قانون کے مطابق ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے رائٹ ٹو سروسز کمیشن کی کاوشوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
