تازہ ترین

شاہی مسجد چترال میں تکمیلِ حفظِ قرآن کی پروقار تقریب، حافظ محمد فیضان کے اعزاز میں دعائیہ محفل

چترال (چترال ایکسپریس) تاریخی شاہی مسجد چترال میں ہفتہ کے روز تکمیلِ حفظِ قرآن کے سلسلے میں ایک سادہ، پروقار اور روح پرور تقریب منعقد ہوئی، جس میں نوجوان طالب علم حافظ محمد فیضان کو مختصر مدت میں حفظِ قرآن کریم کی سعادت حاصل کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب میں چترال کی ممتاز دینی، علمی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر دارالعلوم چترال کے اساتذہ کرام، معروف معالج ڈاکٹر گلزار احمد اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

حافظ محمد فیضان مرحوم قاری شعیب احمد کے بھتیجے ہیں، جو شاہی مسجد چترال کے معروف اور ہر دلعزیز استاد رہے ہیں۔ شرکاء نے قاری شعیب احمد مرحوم کی دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بھتیجے کی یہ کامیابی خاندان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔

تقریب کے دوران حافظ محمد فیضان نے قرآن مجید کا آخری سبق خطیبِ شاہی مسجد و صدر دارالعلوم چترال کی خدمت میں سنایا۔ اس موقع پر مسجد کا ماحول تلاوتِ قرآن سے روح پرور بن گیا اور حاضرین نے انتہائی عقیدت و احترام سے اس بابرکت لمحے کو سنا۔

خطیبِ شاہی مسجد و صدر دارالعلوم چترال نے اپنے خطاب میں قرآن کریم کی عظمت، حفاظِ کرام کے مقام اور دینی تعلیمات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کو حفظ کرنا ایک عظیم سعادت ہے اور ایسے بچے اپنے والدین اور معاشرے کے لیے باعثِ برکت ہوتے ہیں۔

انہوں نے حافظ محمد فیضان، ان کے والدین اور خاندان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس کامیابی کو قابلِ فخر قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر امتِ مسلمہ، ملک کی سلامتی اور چترال کے امن و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO